ایودھیا ۔ /7 جون (سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر اترپردیش یوگی آدتیہ ناتھ نے آج ایودھیا میں عارضی رام مندر پہونچ کر پوجا کی اور اس مقام پر رام مندر تعمیر کرنے کی اپنی حمایت کا اعادہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ساری دنیا میں یہ توقع کی جارہی ہے کہ ایودھیا میں ایک عظیم الشان رام مندر تعمیر کیا جائے ۔ ہر ہندوکی بھی یہی آرزو ہے کہ یہاں پر ایک بڑا مندر بنایا جائے ۔ اس موقع پر انہوں نے 7 فٹ کی صندل کی لکڑی سے بنے بھگوان رام کے مجسمہ کا بھی افتتاح کیا ۔ لوک سبھا انتخابات کے بعد ایودھیا کا اپنا پہلا دورہ کرتے ہوئے آدتیہ ناتھ یوگی نے رام جنم بھومی نواس کے سربراہ مہنت نرتیا گوپال داس کی سالگرہ تقاریب منائی ۔ انہوں نے بی جے پی قائدین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریاست کی سابق حکومتوں نے بھگوان رام سے دوری اختیار کرلی تھی لیکن ہم اس ملک کی شناخت بھگوان رام کے ذریعہ کروائیں گے ۔