یاترا کا تاخیر سے آغاز ۔ خصوصی مہمان سنیل شاستری کا خطاب
حیدرآباد : /10 اپریل (سیاست نیوز) سری رام نومی شوبھا یاترا اتوار کو پرامن اختتام کو پہنچی ۔ لیکن اس موقع پر حیدرآباد سٹی پولیس نے سیکوریٹی کے وسیع تر انتظامات کئے تھے اور 7 ہزار پولیس ملازمین کو ڈیوٹی پر تعینات کیا تھا ۔ ریالی میں شرکت کیلئے خصوصی طور پر مدعو کئے گئے آچاریہ سنیل شاستری نے اپنی تقریر میں شہر حیدرآباد کو بھاگیہ نگر میں تبدیل کرنے کا پھر ایک مرتبہ مطالبہ کیا ۔ سری رام نومی شوبھا یاترا کا آج 1.30 بجے سیتارام باغ منگل ہاٹ سے آغاز ہوا لیکن یہ ریالی تاخیر سے سلطان بازار کو پہنچی ۔ شوبھا یاترا شہر کے مختلف علاقوں بھوئی گوڑہ کمان ، گاندھی مجسمہ ، پرانا پل ، بیگم بازار چھتری سے گزرتی ہوئی سدی عنبر بازار ، گولی گوڑہ کمان ، آندھرا بینک کوٹھی ، سلطان بازار بس اسٹانڈ سے گزرتی ہوئی ہنومان ویام شالہ میں اختتام کو پہنچی ۔ اس موقع پر بی جے پی رکن اسمبلی پی راجہ سنگھ نے بڑی ریالی نکالی اور اپنی تقریر میں یہ بتایا کہ بی جے پی کا اصل مقصد اکھنڈ ہندو راشٹر بنانا ہے اور اسے کوئی طاقت بھی نہیں روک سکتی ۔ بھاگیہ نگر سری رام نومی اتسو کمیٹی کی جانب سے خصوصی طورپر مدعو آچاریہ سنیل شاستری نے کہا کہ حیدرآباد کو عنقریب بھاگیہ نگر میں تبدیل کردیا جائے گا اور بعض ایسے الفاظ کا بھی مبینہ استعمال کیا جو ایک مخصوص فرقہ کے جذبات کو ٹھیس پہنچاتا ہے ۔ شوبھا یاترا کے موقع پر پولیس نے وسیع تر سیکوریٹی انتظامات کئے تھے اور پولیس کمشنر حیدرآباد سی وی آنند کے زیرنگرانی پولیس کمانڈ کنٹرول سنٹر کے ذریعہ ریالی پر نظر رکھی جارہی تھی ۔ شوبھا یاترا پر ڈرون اور سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعہ راست طور پر نظر رکھی جارہی تھی اور اس کے اختتام تک پولیس نے اپنا بندوبست جاری رکھے ہوئے تھے ۔ سی وی آنند نے اس بندوبست کو کامیاب بنانے والے تمام افراد کا شکریہ ادا کیا ۔