رام نگر مشیر آباد میں نالوں پر غیرمجاز تعمیرات کو برخواست کردیا گیا

,

   

حیڈرا کی بڑے پیمانے پر کارروائی ۔ رہائشی مکانات منہدم نہیںکئے گئے ۔ متعلقہ عہدیداروں کی وضاحت

حیدرآباد30 اگسٹ(سیاست نیوز) دونو ںشہر وں میں جاری انہدامی کاروائیوں کے دوران آج ’حیڈرا‘ کے عہدیدارو ںنے مانیما کالونی ‘ رام نگر ‘ مشیر آباد میں بڑے پیمانے پر کاروائی کرکے نالوں پر کی گئی تعمیرات کو برخواست کردیا۔ ’حیڈرا‘ کی کاروائی پر مشیر آباد کے مکین حیرت زدہ رہ گئے ۔ کمشنر ’حیڈرا‘ مسٹر اے وی رنگاناتھ کے دورہ کے اندرون 24گھنٹے اس کاروائی کیلئے وہ تیار نہیں تھے اور ان کا احساس تھا کہ گذشتہ یوم کمشنر ’حیڈرا‘ کے دورہ کے بعد رپورٹ تیار کرکے عہدیداروں سے مشاورت کے بعد کاروائی کی جائے گی لیکن اندرون 24 گھنٹے اس کاروائی کے نتیجہ میں مقامی عوام میں بے چینی کی لہر دوڑ گئی ۔ نالوں پر قبضہ کے ذریعہ کی گئی ان تعمیرات کے سلسلہ میں ’حیڈرا‘ کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ جن عمارتوں کو منہدم کیاگیا ان میں کوئی ایک بھی رہائشی عمارت شامل نہیں ہے بلکہ سیندھی کمپاؤنڈ کے علاوہ دیگر تجارتی ادارے قائم تھے جو نالہ پر تعمیر کئے گئے تھے ۔ ان عمارتوں کے مالکین کا کہناہے کہ انہوں نے تعمیرات سے قبل متعلقہ مجاز عہدیداروں سے اجازت حاصل کی تھی لیکن اب ان کی تعمیرات کو غیر مجاز قرار دیتے ہوئے منہدم کیا جانے لگا ہے ۔ مشیر آباد میں انہدامی کارروائی کے دوران عوامی احتجاج سے نمٹنے کیلئے ’حیڈرا‘ نے محکمہ پولیس کے ہمراہ وسیع تر انتظامات کرتے ہوئے انہدامی کارروائی کے علاقہ کی حد بندی کردی تھی تاکہ کوئی رکاوٹ پیدا نہ ہو۔ اس کارروائی کے ساتھ راجندر نگر علاقہ میں بھی ’حیڈرا‘ نے کاروائی کرکے فٹ پاتھ پر کی گئی تعمیرات کو برخواست کرنے اقدامات کئے ۔ دونوں شہروں میں ایف ٹی ایل ‘ بفر زون اور نالوں پر کی گئی تعمیرات کی برخواستگی کیلئے جاری کاروائیوں کے دوران آج رام نگر میں کارروائیوں کے متعلق مقامی مکینوں نے احتجاج کی کوشش کی اور دعویٰ کیا کہ ان کی تعمیرات غیر مجاز نہیں ہیں لیکن اس کے باوجود ان تعمیرات کو منہدم کرنے کے بعد ’حیڈرا‘ کے عہدیدارو ںنے بتایا کہ رہائشی مکانات کو منہدم نہیں کیاگیا اور نہ ہی ان کے خلاف کسی کارروائی کا آغاز ہوا ہے لیکن نالہ پر موجود تمام قبضہ جات کو پوری طرح سے برخواست کرنے اقدامات کئے جائیں گے اور جلد ان مکانات کا تخلیہ کرواتے ہوئے مکینوں کو منتقل کرنے کا منصوبہ تیار کیا جائے گا۔ رام نگر میں کارروائی کے بعد دونوں شہرو ںمیں نالوں پر تعمیرات کے سلسلہ میں ’حیڈرا‘ کو شکایات ملنے لگی ہیں اور ان شکایات کا جائزہ لینے کی ذمہ داری ’حیڈرا‘ کے ذمہ داروں نے خصوصی سیل کو تفویض کرنے اقدامات کئے ہیں اور کہا جار ہاہے کہ موصولہ شکایات کا جائزہ لے کر ان کارروائیوں کا آغاز کیا جائے گا۔3