حق پرست جہد کار کی تائید کے لیے صدر ایم بی ٹی فرحت خاں کی اپیل
حیدرآباد ۔ 8 ۔ جون : ( پریس نوٹ ) : مجلس بچاؤ تحریک کے صدر مجید اللہ خاں فرحت نے پروفیسر رام پنیانی کو مبینہ طور پر بعض سرکاری و غیر سرکاری افراد و اداروں کی طرف سے دی جانے والی دھمکیوں کی مذمت کرتے ہوئے ان سے بھر پور یگانگت کا اظہار کیا ہے ۔ مجید اللہ خاں فرحت نے یہاں جاری کردہ اپنے بیان میں رام پنیانی کو حق و صداقت ، انسانیت و سیکولرازم کی آواز قرار دیا ۔ انہوں نے کہا کہ تاریخ کو زعفرانی رنگ دینے ، اقلیتوں کی خوشنودی کے جھوٹے پروپگنڈہ ، اکثریتی بالادستی کی مخالفت اور سنگھ پریوار کی فسطائیت کے خلاف رام پنیانی کی مہم پر انہیں آر ایس ایس کی فاشست طاقتیں جان سے مارنے کی دھمکیاں دے رہے ہیں ۔ مجید اللہ خاں فرحت نے کہا کہ ’ انسانیت پر یقین رکھنے والے تمام افراد سے میں درخواست کرتا ہوں کہ وہ پروفیسر پنیانی کی تائید و حمایت کریں ۔ رام پنیانی فسطائی طاقتوں کے خلاف جدوجہد کے دور سے گذر رہے ہیں ‘ ۔۔
