رام پور کے آخری نواب کی 2700 کروڑ کی جائیداد کا بٹوارہ

   

رام پور: اتر پردیش میں رام پور کے آخری نواب رضا علی خان بہادر کی 2700 کروڑ روپے کی ذاتی جائیداد تقریباً پانچ دہائیوں کے بعد بالآخرتقسیم ہو گئی ہے ۔ سپریم کورٹ کے حکم پر ضلعی جج نے نواب خاندان سے تعلق رکھنے والے 14 فریقین میں شیعہ شرعی قانون کے تحت اس جائیداد کو تقسیم کیا ہے ۔سال 1972 میں نواب رضا علی خان سے تعلق رکھنے والے 14 فریقین کی جانب سے اس متنازع جائیداد کا معاملہ دائر کیا گیا تھا جس میں سپریم کورٹ کے حکم پر ڈسٹرکٹ جج گورو کمار سریواستو نے پانچ جائیدادوں کو جن کی مالیت تقریباً 2700 کروڑ روپے ہے ، 14 فریقین میں شیعہ شرعی قانون کے تحت تقسیم کردیا ہے ۔سینئر وکیل سندیپ سکسینہ نے کہا کہ سال 2019 میں سپریم کورٹ نے ضلع جج رام پور کو شریعت ایکٹ کے تحت پانچ جائیدادیں تقسیم کرنے کی ہدایت دی تھی۔ اس عمل کے تحت عدالت میں اٹھائے گئے تمام اعتراضات کو دور کرنے کے بعد اب ضلع جج نے سپریم کورٹ کو تقسیم کا منصوبہ بھیج دیا ہے ۔