کولمبو،22 فروری (یواین آئی )سری لنکا کو 1996 کا ورلڈ کپ جتوانے والے کپتان ارجنا راناتنگا نے قید میں موجود سابق پاکستانی وزیراعظم اور سابق کپتان عمران خان کے حق میں آواز بلند کر دی ہے ۔ انہوں نے عمران خان کو نہ صرف ایک عظیم کرکٹر بلکہ لاکھوں نوجوانوں کے لیے ایک تحریک قرار دیا ہے ۔ارجنا نے انسٹاگرام پر اپنے پیغام میں عمران خان کی شخصیت کے ان پہلوؤں کا ذکر کیا جنہوں نے دنیا بھر کے کرکٹرز کو متاثر کیا۔ راناتنگا کے مطابق عمران خان وہ شخصیت رہے جنہیں دیکھ کر وہ اور ان کے دور کے کئی نوجوان کرکٹرز بڑے ہوئے اور ان جیسا بننے کی خواہش رکھی۔انہوں نے عمران کے غیرمتزلزل یقین، ہمت اور اپنے ملک کے لیے جنون کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ سیاست اور کرکٹ سے کہیں بڑھ کر ایک علامت رہے ہیں۔ ارجنا نے موجودہ حالات کے تناظر میں پاکستانی حکام سے ایک پرزور اپیل بھی کی ہے کہ سیاست دان اور کرکٹر سے پہلے عمران خان ایک انسان ہیں، جو ہمدردی اور رحم دلی کے مستحق ہیں۔ میں حکام سے گزارش کرتا ہوں کہ ان کے ساتھ انسانیت اور وقار کے ساتھ پیش آئیں۔