محمد سمیع کو کیا جنوبی افریقہ کے خلاف موقع ملے گا ؟
کولکتہ ،28 اکتوبر (ایجنسیز) تجربہ کار فاسٹ بولر محمد سمیع کو بھلے ہی ٹیم انڈیا میں جگہ نہ مل رہی ہو لیکن اس کھلاڑی نے اپنی کارکردگی سے طوفان کھڑا کردیا ہے۔ محمد سمیع نے رانجی ٹرافی کے دوسرے میچ میں شاندار بولنگ کرتے ہوئے اپنی ٹیم بنگال کو گجرات کے خلاف یک طرفہ فتح دلائی۔ بنگال نے گجرات کو141 رنزکے بڑے فرق سے شکست دی اور محمد سمیع اس جیت کے ہیرو ثابت ہو ئے۔ دائیں ہاتھ کے اس فاسٹ بولر نے دوسری اننگز میں صرف 10 اوورز میں گجرات کی آدھی ٹیم کو اکیلے ہی آؤٹ کر کے سب کو حیران کردیا۔ سمیع نے میچ میں مجموعی طور پر 8 وکٹیں حاصل کیں اور میچ کے ہیرو بن گئے۔ دوسری اننگز میں گجرات کے وکٹ کیپر ارول پٹیل نے شاندار سنچری اسکورکی لیکن وہ سمیع کے سامنے اپنی ٹیم کی شکست کو نہ روک سکے۔صرف یہی میچ نہیں محمد سمیع کی زبردست کارکردگی قابل ذکر رہی۔ تجربہ کار دائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر نے اتراکھنڈ کے خلاف پچھلے میچ میں بھی شاندار بولنگ کرتے ہوئے سات وکٹیں حاصل کی تھیں۔ سمیع نے اب تک رانجی ٹرافی کے دو میچوں میں 15 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ یہ کارکردگی ان کی میچ فٹنس کو واضح طور پر ثابت کرتی ہے اور چیف سلیکٹر اجیت آگرکر کو پیغام دیتی ہے کہ انہیں چھوڑنا آسان نہیں ہوگا۔ محمد سمیع کی یہ کارکردگی انہیں جنوبی افریقہ کے خلاف ٹسٹ سیریز میں موقع دے سکتی ہے۔ ہندوستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان ٹسٹ سیریز کا آغاز14 نومبر کو ہو رہا ہے اور سیریز کا پہلا میچ کولکتہ کے ایڈن گارڈنز میں کھیلا جانا ہے۔ یہ وہی میدان ہے جہاں حال ہی میں سمیع نے رانجی ٹرافی کے دو میچوں میں 15 وکٹیں حاصل کی ہیں۔یاد رہے کہ محمد سمیع چمپئنز ٹرافی جیتنے کے بعد سے ٹیم انڈیا میں منتخب نہیں ہوئے ہیں۔ حال ہی میں چیف سلیکٹر اجیت آگرکر نے کہا کہ اگر سمیع فٹ ہوتے ہیں تو وہ ضرور آسٹریلیا جائیں گے۔ دوسری جانب سمیع کا دعویٰ ہے کہ اگر وہ فٹ نہ ہوتے تو رانجی ٹرافی کیسے کھیل سکتے تھے۔ واضح طور پر سمیع نے اپنی فٹنس اور فارم کو ثابت کردیا ہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ وہ ٹیم میں واپس آتے ہیں یا نہیں۔