رانچی میں کشمیری نوجوانوں سے مارپیٹ

   

شرپسندوں نے ’مذہبی نعرے‘ لگانے کیلئے کیا مجبور، 3گرفتار
رانچی: جھارکھنڈ کی راجدھانی رانچی میں کشمیری نوجوانوں کے ساتھ مار پیٹ کی گئی اور ان پر مذہبی نعرے لگانے کا دباؤ بنایا گیا۔ یہ واقعہ رانچی کے ڈورنڈا تھانہ علاقے میں ہفتے کی صبح اس وقت پیش آیا جب 5تا 6 کشمیری نوجوانوں کا ایک گروپ یہاں گرم کپڑوں کی پھیری لگا رہا تھا۔مار پیٹ کے واقعہ کے بعد کشمیری نوجوانوں اور مقامی لوگوں نے ڈورانڈا میں تقریباً 20 منٹ تک سڑک جام کر کے احتجاج کیا اور بڑی تعداد میں لوگوں نے تھانے پہنچ کر کشمیری نوجوانوں پر حملہ کرنے والوں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔ جس کے بعد پولیس نے موقع پر پہنچ کر کارروائی کرتے ہوئے حملہ کرنے والے 3 افراد کو گرفتار کر لیا۔گزشتہ 20 دنوں میں یہ دوسرا موقع ہے جب رانچی میں گرم کپڑے بیچنے والے کشمیری نوجوانوں پر حملہ کیا گیا ہے۔ محمد برہان، محمد تنویر، محمد سرتاج، محمد ریاض اور غلام نبی کا الزام ہے کہ وہ کپڑے بیچنے جا رہے تھے کہ تقریباً 20 بدمعاشوں نے کڈرو پل کے قریب ان پر حملہ کر دیا۔