حیدرآباد :۔ شہر میں سڑک حادثات کی تعداد کو کم کرنے کے لیے حیدرآباد ٹریفک پولیس کی جانب سے اب موٹر گاڑی والوں کی جانب سے ’ رانگ ۔ سائیڈ ‘ ڈرائیونگ کے تدارک کے لیے شہر میں خصوصی مہم چلائی جائے گی ۔ شہر میں رانگ ۔ سائیڈ ڈرائیونگ کے واقعات میں ہورہے اضافہ کو دیکھنے کے بعد اس کے تدارک کے لیے ایک خصوصی مہم چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ ڈیٹا کے مطابق اس سال جنوری اور فروری میں ٹریفک پولیس نے رانگ سائیڈ ڈرائیونگ کے 1500 سے زائد کیسیس بک کئے ۔ پولیس نے کہا کہ شہر میں زیادہ تر حادثات رانگ سائیڈ ڈرائیونگ کی وجہ سے بھی ہورہے ہیں ۔ ایک سینئیر عہدیدار نے کہا کہ ’ فی الوقت ہم ان مقامات کی نشاندہی کررہے ہیں جہاں رانگ ۔ سائیڈ ڈرائیونگ کے واقعات زیادہ ہورہے ہیں ۔ ان مقامات کی نشاندہی ہونے کے بعد ہم ان علاقوں میں اس تعلق سے بیداری مہم چلانے کے لیے خصوصی ٹیموں کو تعینات کریں گے ‘ ۔ دوسری طرف ، پولیس کے عہدیداروں نے سڑک کے رانگ ۔ سائیڈ پر ڈرائیونگ کرتے ہوئے ٹریفک قواعد کی خلاف ورزی کے مرتکب ہونے والوں کی گاڑیوں کو ضبط کرنا بھی شروع کیا ہے ۔ چندرا موہن ، انسپکٹر نارائن گوڑہ ٹریفک پولیس اسٹیشن نے کہا کہ ’ بیداری مہم چلانے کے علاوہ ہم ٹریفک قواعد کی خلاف ورزی کرنے والوں پر جرمانے بھی عائد کررہے ہیں ۔ رانگ ۔ سائیڈ ڈرائیونگ کرتے ہوئے موٹر سٹس نہ صرف ان کی زندگیوں کو خطرہ میں ڈال رہے ہیں بلکہ دیگر روڈ یوزرس کی زندگی کو بھی خطرہ میں ڈال رہے ہیں ‘ ۔۔