رانیل وکرما سنگھے چھٹی بار سری لنکا کے وزیراعظم مقرر

   

کولمبو:رانیل وکرما سنگھے کو سری لنکا کا نیا وزیراعظم مقررکر دیا گیا ہے۔ سری لنکا کے صدر گوتابایا راجا پاکسے نے رانیل وکرما سنگھے کو ملک کا نیا وزیراعظم مقرر کیا جو اس سے قبل بھی پانچ مرتبہ یہ عہدہ سنبھال چکے ہیں لیکن انہوں نے ایک بار بھی اپنی مدت مکمل نہیں کی۔واضح رہے کہ سابق وزیراعظم مہندا راجا پکسے نے پیر کو پرتشدد مظاہروں کے بعد استعفی دے دیا تھا۔سری لنکا میں عوامی احتجاج کے بعد وزیراعظم راجا پکسے مستعفی ہوگئے۔اطلاعات کے مطابق رانیل وکرما سنگھے صدر گوتابایا راجا پکسے کے قریبی ساتھیوں میں سے ہیں۔رپورٹس کے مطابق سری لنکن عدالت نے آج سابق وزیراعظم،ان کے بیٹے اور 15 ساتھیوں کے ملک سے باہر جانے پر پابندی لگادی ہے۔واضح رہے کہ سری لنکا میں پرتشدد مظاہروں میں 9 افراد ہلاک،200 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں جبکہ ملک کو اس وقت بدترین معاشی بحران کا سامنا ہے۔ نئے وزیر اعظم نے معاشی بحران کو ختم کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے ۔