ممبئی: بالی ووڈ کی خوبرو اداکارہ رانی مکرجی ایک بار پھر سخت مزاج پولیس افسر شیوانی شیواجی راؤ کے روپ میں اسکرین پر جلوہ گر ہونے والی ہے۔ یش راج فلمز نے رانی کی کرائم ایکشن تھرلر فلم ’مرادنی 3‘ کی ریلیز کا اعلان کیا ہے جوکہ 27 فروری 2026 کو ہولی کے موقع پر ریلیز کی جائے گی۔ یش راج فلمز نے انسٹاگرام پر فلم کا پوسٹر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ گنتی شروع ہوچکی ہے، مردانی 3 آ رہی ہے! ایک اور پوسٹر میں فلم کے ڈائریکٹر ابھراج مناوالا اور پروڈیوسر آدتیہ چوپڑا کا نام بھی شامل ہے۔ رانی مکرجی کے مطابق مردانی 3 سنسنی سے بھرپور، خطرناک اور ایکشن تھرلر فلم ہے۔ ہم اپریل 2025 میں شوٹنگ کا آغاز کررہے ہیں۔ اس کردار کو نبھانا میرے لیے ان تمام بے آواز اور بہادر پولیس اہلکاروں کے لیے خراج تحسین ہے جو ہماری حفاظت کے لیے روزانہ بڑی بہادری سے کام کرتے ہیں۔ مردانی سیریز کا آغاز 2014 میں ہوا تھا، جب پہلی فلم ریلیز ہوئی۔ مردانی 2 سال 2019 میں ریلیز ہوئی تھی۔