راچن کو نیوزی لینڈ کا سینٹرل کنٹریکٹ مل گیا

   

آکلینڈ ۔ نیوزی لینڈکرکٹ بورڈ (این زیڈ سی ) نے25-2024 کے سیزن کے لیے سینٹرل کنٹریکٹ کا اعلان کردیا ہے۔ اس بار نیوزی لینڈ کرکٹ نے20 کھلاڑیوں کو کنٹریکٹ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ کین ولیمسن، لوکی فرگوسن اور ایڈم ملنے جیسے بڑے کھلاڑی اس سینٹرل کنٹریکٹ کا حصہ نہیں ہیں۔ ساتھ ہی اس فہرست میں پہلی بارکچھ نوجوان کھلاڑیوں کو بھی شامل کیا گیا ہے جس میں ہندوستانی نژاد کھلاڑی کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ ہندوستانی نژاد کھلاڑی راچن رویندراکو پہلا سینٹرل کنٹریکٹ مل گیا ہے۔ بائیں ہاتھ کے بیٹر راچن رویندرا کے لیے گزشتہ ایک سال بہت اچھا رہا، انھوں نے تینوں فارمیٹس میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ رویندرا 2023 کے ونڈے ورلڈکپ کے اسٹار تھے، انہوں نے 578 رنز بنائے اور پھر جنوبی افریقہ کے خلاف ماؤنٹ مونگانوئی میں اپنی پہلی ٹسٹ سنچری بنائی، جسے ڈبل سنچری میں بھی تبدیل کیا ۔ وہ مارچ میں سر رچرڈ ہیڈلی میڈل جیتنے والے نیوزی لینڈ کے سب سے کم عمر کھلاڑی بن گئے۔