بغداد 15 مارچ (سیاست ڈاٹ کام ) عراق میں تعینات امریکی اتحادی افواج نے تصدیق کر دی ہے کہ ہفتے کے دن تاجی کے فوجی اڈے پر ہوئے راکٹ حملوں کے نتیجے میں پانچ افراد زخمی ہوئے، جن میں سے تین کولیشن ممبران جبکہ دو عراقی فوجی ہیں۔ پنٹگان کے چیف ترجمان جاناتھن ہافمین نے کہا ہے کہ زخمی ہونے والوں میں امریکی فوجی شامل ہیں اور ان میں سے دو کی حالت تشویشناک ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عراقی پولیس نے اس حملے کے بعد کچھ گرفتاریاں کی ہیں۔ ہفتے کے دن تاجی کے فوجی اڈے پر پچیس راکٹ داغے گئے تھے۔ اس اڈے میں امریکی اتحادی افواج تعینات ہیں۔ اسی طرح کا ایک حملہ چہارشنبہ کے دن بھی کیا گیا تھا۔
