راکٹ فائر کے بہانے غزہ پر اسرائیلی بمباری

   

Ferty9 Clinic

یروشلم : اسرائیلی جنگی طیاروں نے جمعہ کی صبح غزہ پٹی میں مشتبہ حماس ملٹری ٹھکانوں پر بمباری کی اور اسے محاصرہ بند فلسطینی علاقہ سے راکٹ داغے جانے پر جوابی کارروائی قرار دیا۔ اسرائیلی آرمی نے کہا کہ لڑاکا جیٹ طیارہ اور دیگر طیاروں نے اسلام پسند گروپ حماس کے زیرزمین انفراسٹرکچر کو نشانہ بنایا جہاں سمجھا جاتا ہے کہ ہتھیاروں کی تیاری ہوتی ہے ۔ یہ خطہ 2007 ء سے حماس کے کنٹرول میں ہے ۔ بمباری کے بعد حماس نے دعویٰ کیا کہ انہیں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ۔ اسرائیلی حملے نصیرت رفیوجی کیمپ اور جنوبی شہر خان یونس پر کئے گئے ۔ بتایا گیا کہ جمعرات کو دیر گئے اسرائیل کی طرف دو راکٹ داغے گئے جس کے نتیجہ میں کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا ۔ اس کے باوجود اسرائیل نے سخت جوابی کارروائی میں اپنے جنگی طیاروں کے ذریعہ بمباری کی ۔ اس سے قبل منگل کی رات بھی غزہ سے راکٹ حملے کا دعویٰ کیا گیا تھا ۔ اگلے روز آرمی نے کہا تھا کہ حماس نے اشتعال انگیزی کی ہے ۔