راہانے کا ٹسٹ کی 140 سالہ تاریخ میں انوکھا ریکارڈ

   

رانچی ۔21 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی ٹسٹ ٹیم کے نائب کپتان اجنکیا رہانے نے جنوبی افریقہ کے خلاف رانچی ٹسٹ میں سنچری بنائی۔ انہوں نے 192 گیندوں میں 115 رنوں کی شاندار اننگز کھیلی اور روہت شرما کے ساتھ مل کر چوتھے وکٹ کیلئے 267 رنوں کی شراکت داری کی۔ رہانے نے اپنی اننگز میں 17 چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ ویسے تو رہانے نے اپنی اننگز میں کئی ریکارڈ بنائے ، لیکن ایک ایسا ریکارڈ ہے جس پر بہت نظرگئی۔ رہانے نے ابھی تک 61 ٹسٹ میچ کھیلے ہیں اور وہ ایک مرتبہ بھی رن آوٹ نہیں ہوئے ہیں۔ ساتھ ہی وہ پہلے ایسے بیٹسمین بن گئے ہیں جو رن آوٹ ہوئے بغیر 200 پارٹنر شپ میں شامل ہوئے ہیں۔ اس دوران نہ تو وہ اور نہ ہی ان کا کوئی ساتھی رن آوٹ ہوا ہے۔ 140 سال کی ٹسٹ کرکٹ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کسی بیٹسمین نے ایسا کیا ہے۔ اجنکیا رہانے سمیت ایسے پانچ بیٹسمین ہی ہیں جو اپنے ٹسٹ کیریئر میں رن آوٹ ہوئے بغیر 100 اننگز تک پہنچے ہیں۔ ان میں کپل دیو ، مدثر نذیر ، پیٹر مے ، گریم ہک اور اجنکیا رہانے شامل ہیں۔ اجنکیا رہانے کی یہ 11 ویں ٹسٹ سنچری تھی۔ تین سال بعد ان کی یہ پہلی سنچری تھی۔ اس اننگز سے پہلے انہوں نے 2016 میں نیوزی لینڈ کے خلاف 188 رنوں کی اننگز کھیلی تھی۔ وہیں جنوبی افریقہ کے خلاف رہانے کی یہ تیسری سنچری ہے۔ اس سے پہلے 2015 میں دہلی میں ایک میچ کی دونوں اننگز میں انہوں نے اس ٹیم کے خلاف سنچری بنائی تھی۔ اس کے علاوہ 12 سال بعد ممبئی کے دو بیٹسمینوں نے ہندوستان کیلئے کھیلتے ہوئے ٹسٹ میں ایک اننگز میں سنچریاں بنائی ہیں۔ رہانے اور روہت سے پہلے 2007 میں ایسا ہوا تھا جب بنگلہ دیش کے خلاف ٹسٹ میچ میں ممبئی کے سچن ٹندولکر اوروسیم جعفر نے سنچری بنائی تھی۔