راہل دراوڈ کی 9سال بعد آئی پی ایل میں واپسی

   

بنگلور: انڈین پریمیئر لیگ کی فرنچائز راجستھان رائلز نے سابق کپتان اور کوچ راہل دراوڈ کو ٹیم کا نیا ہیڈ کوچ مقرر کیا ہے۔ راہل دراوڈ نے 2011 سے 2015 تک اس فرنچائز کے لیے خدمات انجام دے چکے ہیں اور اب وہ راجستھان رائلز کے ڈائریکٹر کمار سنگکارا کے ساتھ مل کر فرنچائز کو دوسری بار ٹرافی جیتنے میں مدد کریں گے۔51 سالہ دراوڈ نے 2014 میں رائلز کے ساتھ اپنے کوچنگ کیرئیر کا آغاز کیا تھا اور اس وقت انہوں نے ٹیم میں بطور مینٹور کا کردار ادا کیا تھا۔ اس کے بعد سے دراوڈ نیشنل کرکٹ اکیڈمی (NCA)، ہندوستانی مردوں کی انڈر 19 اور ہندوستانی مینس کی سینئر ٹیم کے ساتھ منسلک رہے ہیں۔اپنے دور میں راہل دراوڈ نے ہندوستان کو ٹسٹ، ونڈے اور ٹی ٹوئنٹی درجہ بندی میں سرفہرست مقام پر پہنچایا اور حال ہی میں آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا ٹائٹل بھی اپنے نام کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔رائلز فیملی میں دراوڈ کا خیرمقدم کرتے ہوئے رائلز اسپورٹس گروپ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نے کہا کہ ہم راہل کو فرنچائز میں واپس لانے پر بہت خوش ہیں۔ انہوں نے ہندوستانی کرکٹ میں جو تبدیلیاں لائی ہیں وہ ان کی کوچنگ کی صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ اس فرنچائز سے ان کا گہرا تعلق ہے۔ ان کے پاس نوجوان اور تجربہ کار کھلاڑیوں سے بہترین کھیل نکالنے کی مہارت ہے۔