نئی دہلی : کانگریس کے سابق صدر راہول گاندھی اور پارٹی کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے راشٹریہ لوک دل کے لیڈر چودھری اجیت سنگھ کے انتقال پرافسوس کا اظہار کرتے ہوئے پسماندگان اور ان کے حامیوں سے تعزیت کا اظہار کیا۔مسٹر گاندھی نے ٹویٹ کیا ‘‘ راشٹریہ لوک دل کے سربراہ اجیت سنگھ جی کی بے وقت موت کی خبر افسوسناک ہے ۔ ان کے اہل خانہ اور حامیوں سے میری تعزیت’’ ۔ محترمہ واڈرا نے کہا ‘‘مقبول لیڈر، سابق مرکزی وزیر اور کسان دوست لیڈر چودھری اجیت سنگھ جی کے انتقال کی دلخراش خبر موصول ہوئی ۔ چودھری صاحب کی موت سے معاشرے اور سیاست کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے ۔ جینت اور آر ایل ڈی کے حامیوں کے تیئں میری گہری تعزیت ۔ ایشور چودھری صاحب کو ابدی سکون عطا کرے ’’ ۔
اجیت سنگھ کے انتقال پر جے ڈی یو کا اظہار تعزیت
نئی دہلی : جنتا دل (یونائیٹیڈ) (جے ڈی یو) کے قومی ترجمان اور جنرل سکریٹری کے سی تیاگی نے نیشنل لوک دل کے صدر اجیت سنگھ کی بے وقت موت پر شدید رنج و تکلیف کا اظہار کیا ہے مسٹر تیاگی نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ یہ میرے لیے ذاتی طور پر سیاسی اور سماجی نقصان ہے ۔ میرا لمبا وقت ان کے ساتھ گذرا ہے ۔ حالانکہ ان کا سیاست میں آنے کا ارادہ نہیں تھا لیکن چودھری چرن سنگھ کی بے وقت موت سے سیاست میں آئی خلاء کو پر کرنے کے لیے وہ سیاست میں آئے ۔ ان کی زندگی اہم سیاسی واقعات سے بھری ہوئی ہے ۔ چودھری چرن سنگھ کی قیادت میں، دیوی لال اور وی پی سنگھ کی قیادت میں ہم سب نے اکٹھا ہو کر کام کیا ہے جس میں ملائم سنگھ یادو، لالو یادو، نتیش کمار، رام ولاس پاسوان، شرد یادو وغیرہ اہم تھے ۔