راہول۔پرینکا پر تبصرے کے خلاف کانگریس کا احتجاج

   

بیتول، 27 ستمبر(یو این آئی) مدھیہ پردیش کے کابینی وزیر کَیلاش وجئے ورگیہ کی جانب سے لوک سبھا میں حزبِ اختلاف کے لیڈر راہول گاندھی اور ان کی بہن پرینکا گاندھی کے حوالے سے کیے گئے تبصرے پر کانگریس نے ریاست بھر میں احتجاج کیا۔ ان مظاہروں کے دوران کل بیتول میں پولیس اور کانگریسی کارکنوں کے درمیان ہلکی جھڑپ بھی ہوئی۔ جمعہ کی دیر شام بیتول کے کارگل چوک پر کانگریس کے کارکنوں نے وزیر کَیلاش وجئے ورگیہ کا پتلا نذرِ آتش کیا۔ اس دوران پولیس نے پتلا چھیننے کی کوشش کی، لیکن کارکنوں نے اسے چاروں طرف سے گھیر کر آگ لگا دی۔ حالات پر قابو پانے کے لیے پولیس کوپانی کی بوچھاروں کا استعمال کرنا پڑا، اس کے باوجود کانگریسی کارکن نعرے بازی کرتے ہوئے وہیں ڈٹے رہے ۔ احتجاج میں شریک رہنماؤں نے کہا کہ ایک ذمہ دار وزیر کا اس طرح کی زبان استعمال کرنا افسوسناک ہے اور یہ بی جے پی کی سوچ کی عکاسی کرتا ہے ۔ قابل ذکر ہے کہ وزیر کَیلاش وجئے ورگیہ نے دو دن قبل شاجاپور میں ایک پروگرام کے دوران راہول گاندھی اور پرینکا گاندھی کے حوالے سے تبصرہ کیا تھا۔ کانگریس نے اس معاملہ پرکل ریاست بھر میں مظاہرے کیے ۔