راہول ، جڈیجہ اور جریل کی سنچریاں ، ہندوستان کو 286 رنز کی سبقت

   

احمدآباد، 3 اکتوبر (آئی اے این ایس) اوپنرکے ایل راہول، دھرو جْرَیل اور رویندر جڈیجہ کی سنچریوں کی بدولت ہندوستان نے ویسٹ انڈیز پر دباؤ بڑھاتے ہوئے128 اوورز میں 448/5 کا اسکور بنایا اور دوسرے دن کے اختتام تک نریندر مودی اسٹیڈیم میں 286 رنزکی شاندار برتری حاصل کرلی۔ ویسٹ انڈیزکو وکٹیں حاصل کرنے میں ناکامی کا سامنا رہا اور ہندوستان تیسرے دن کے آغاز پر پوری طرح میچ پر قابض ہے۔ دن کا آخری سیشن مکمل طور پر ہندوستان کے نام رہا، جس میں 32 اوورز میں 122 رنز بنائے گئے۔ اس دوران جْرَیل نے اپنی پہلی ٹسٹ سنچری اسکورکی جبکہ جڈیجہ نے ٹسٹ کرکٹ میں اپنی چھٹی سنچری مکمل کی۔ پانچویں وکٹ کے لیے دونوں کے درمیان 206 رنزکی شراکت داری دن کا سب سے اہم لمحہ ثابت ہوا۔ تاہم جْرَیل 125 رنز بناکر دن کے اختتام سے کچھ دیر قبل کھاری پیئرکی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ دوسری جانب جڈیجہ 104 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے اور تیسرے دن واشنگٹن سندر (9 ناٹ آؤٹ) کے ہمراہ اننگز آگے بڑھائیں گے۔آخری سیشن میں ہندوستان نے محتاط مگر پْراثر انداز میں کھیل جاری رکھا۔ ویسٹ انڈیز نے دوسری نئی گیند حاصل کرنے کے بعد بھی وکٹیں نہیں لیں جبکہ ہندوستانی بیٹرس نے زیادہ جارحانہ کھیل نہیں دکھایا۔ جڈیجہ نے جسٹن گریوزکو چوکا لگا کر خاموشی توڑی، اس کے بعد جْرَیل نے ڈرائیو، پل اور فلک کے ذریعے باؤنڈریاں حاصل کیں۔ جْرَیل نے روسٹن چیس کی گیند کو مڈ وکٹ سے کھیلتے ہوئے چوکے کے ساتھ اپنی پہلی ٹسٹ سنچری مکمل کی۔ اس کے بعد انہوں نے واریکن پر تین چوکے اور ایک چھکا جڑکر اپنی اننگز کو تیزکیا مگر 125 رنز پر آؤٹ ہوئے۔ جڈیجہ نے واریکن کو چھکا مارکر اپنی اننگز کو جاندار انداز میں جاری رکھا اور آخری تین ٹسٹ میچوں میں دوسری سنچری مکمل کی۔ ہندوستان کی برتری مزید بڑھ چکی ہے اور ٹیم کے پاس نیتیش کمار ریڈی سمیت مزید بیٹرس باقی ہیں، ایسے میں ہندوستان کی گرفت میچ پر مضبوط ہے جبکہ ویسٹ انڈیز کے لیے مقابلے میں واپس آنا بڑا چیلنج ہوگا۔ مختصر اسکور:ویسٹ انڈیز162 بمقابلہ ہندوستان 448/5، 128 اوورز میں (دھرو جْرَیل 125، رویندر جڈیجہ 104 ناٹ آؤٹ؛ روسٹن چیس 2/90، جیدن سیلز 1/53)۔ ہندوستان کو 286 رنز کی سبقت۔