ممبئی ۔ 13 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلیا کے خلاف کل یہاں کھیلے جانے والے سیریز کے پہلے مقابلہ کے ضمن میں ہندوستانی کپتان ویراٹ کوہلی نے کہا ہیکہ شکھردھون اور کے ایل راہول دونوں ہی اوپنرس قطعی 11 کھلاڑیوں میں شامل کئے جاسکتے ہیں کیونکہ کوہلی نے واضح کردیا ہیکہ وہ نمبر 3 کے بجائے نمبر 4 پر بھی بیٹنگ کرسکتے ہیں۔ محدود اوورس کی ٹیم کے نائب کپتان روہت شرما کی واپسی کے بعد وہ ازخود اننگز کے آغاز کیلئے پہلی پسند ہیں اور امید کی جارہی ہیکہ دھون یا راہول کے درمیان کسی ایک کا بحیثیت اوپنر انتخاب کیا جاسکتا ہے۔ مقابلہ کے آغاز سے قبل یہ پیش قیاسی کی جارہی تھی کہ دھون اور راہول نے اننگز کے آغاز کیلئے کسی ایک کا انتخاب ہوسکتا ہے لیکن کوہلی نے کہا ہیکہ روہت، راہول، شکھر تینوں بھی مقابلہ میں کھیل سکتے ہیں اور میں نمبر تین کے بجائے نمبر چار پر بھی بیٹنگ کرسکتا ہوں۔ ویراٹ کوہلی سے جب یہ سوال کیا گیا کہ کیا وہ چوتھے نمبر پر بیٹنگ کیلئے تیار ہیں تو انہوں نے کہا کہ وہ ایسا کرنے کیلئے خوش ہوں گے۔ کوہلی نے کہا کہ وہ کسی بھی مقام پر کھیلنے کیلئے تیار ہیں اور لوور آرڈر میں بیٹنگ کے متعلق وہ غیرمحفوظ جذبات نہیں رکھتے۔