راہول اورکرونال کی برق رفتار بیٹنگ ، ہندوستان 317/5

   

پونے : اپنے پہلے ہی بین الاقوامی ونڈے مقابلے میں کرونال پانڈیا نے کسی بھی کھلاڑی کی جانب سے پہلے ہی مقابلے میں تیز رفتار نصف سنچری کا ریکارڈ بنالیا ہے جیسا کہ انھوں نے 31 گیندوں میں 7 چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے ناقابل تسخیر 58 رنز اسکور کرنے کے علاوہ چھٹی وکٹ کیلئے لوکیش راہول کے ساتھ 9.3 اوورس میں 112 رنز کی برق رفتار پارٹنرشپ نبھائی ۔ دونوں کے درمیان بننے والی اس تیز رفتار سنچری پارٹنرشپ کی بدولت ہندوستان نے یہاں انگلینڈ کیخلاف پہلے ونڈے میں بیٹنگ کیلئے مدعو کئے جانے پر پانچ وکٹوں کے نقصان کے بعد 317 رنز اسکور کئے ۔ کے ایل راہول جن کی ٹی 20 سیریز انتہائی مایوس کن رہی تھی لیکن انھوں نے بھی اس مقابلے میں اپنا فام حاصل کرتے ہوئے 43 گیندوں میں چار چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ 62 رنز اسکور کئے ۔ قبل ازیں ٹیم میں واپسی کرنے والے بائیں ہاتھ کے اوپنر شکھر دھون دو رنز کی کمی سے اپنی سنچری سے محروم رہے تاہم انھوں نے 106 گیندوں میں 11چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 98 رنز کی اننگز کھیلنے کے علاوہ کپتان ویراٹ کوہلی کے ہمراہ دوسری وکٹ کیلئے 105 رنز کی پارٹنرشپ نبھائی ۔ کوہلی نے 60 گیندوں میں 56 رنز اسکور کئے ۔ انگلینڈ کیلئے بین اسٹوک نے 8 اوورس میں 34 رنز کے عوض 2 اور مارک ووڈ نے 75 رنز کے عوض دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی ۔