راہول اور اتھیا شٹی رشتہ ازدواج میں منسلک

   

ممبئی : ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے اسٹار اوپنر اور وکٹ کیپر بلے باز کے ایل راہول اور بالی ووڈ اداکارہ اتھیا شٹی شادی کے بندھن میں بندھ گئے۔ طویل عرصے سے دونوں کی باہمی دوستی تھی۔ دونوں نے ممبئی میں سات چکر لگاکر ساتھ جینے کی قسم کھائی۔ راہول اور اتھیا کی شادی میں فقط بہت ہی قریبی لوگوں نے شرکت کی۔ تاہم چند روز بعد ایک شاندار استقبالیہ دیا جائے گا، جس میں تقریباً 3000 افراد کی شرکت کا امکان ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق آئی پی ایل فرنچائز لکھنؤ سوپر جائنٹس کے مالک سنجیو گوئنکا، مینٹور گوتم گمبھیر اور فاسٹ بولر ورون آرون نے کے ایل راہول اور اتھیا شیٹی کی شادی میں شرکت کی۔وہیں نیوزی لینڈ سیریز کی وجہ سے روہت شرما، اور وراٹ کوہلی جیسے کرکٹرز شادی میں شرکت نہیں کر سکے۔ خیال رہے کہ شادی کے بعد کے ایل راہول اور اتھیا شیٹی ہنی مون پر نہیں جائیں گے۔ میڈیا رپورٹس میں ایسی معلومات سامنے آئی ہیں۔ دراصل دونوں کا شیڈول اس وقت کافی بھرا ہوا ہے، ایسے میں شادی کے بعد دونوں اپنے اپنے کاموں میں مصروف ہو جائیں گے۔