ٹی آر ایس اور ایم آئی ایم، بی جے پی کی بی ٹیم، وزراء کے بغیر کے سی آر ڈکٹیٹر کی طرح
حیدرآباد۔11 فروری (سیاست نیوز) کانگریس کے سینئر قائد اور میڈیا کمیٹی کے صدرنشین مدھو یاشکی گوڑ نے کہا کہ راہول گاندھی اور پرینکا گاندھی سے تلنگانہ میں لوک سبھا انتخابات میں حصہ لینے کی اپیل کی گئی ہے۔ ملک کی مختلف ریاستوں سے کانگریس قائدین نے اس طرح کی اپیل کی ہے تاکہ ان کی ریاستوں میں پارٹی بہتر مظاہرہ کرسکے۔ گاندھی بھون میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے مدھو یاشکی گوڑ نے ٹی آر ایس حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس اور اس کی حلیف جماعت مجلس دراصل بی جے پی کی بی ٹیم کی طرح کام کررہے ہیں۔ یہ دونوں جماعتیں ملک میں سکیولر ووٹ تقسیم کرتے ہوئے بی جے پی کو فائدہ پہنچانے کے مشن پر ہیں۔ اس سلسلہ میں فیڈرل فرنٹ کی باتیں واضح ثبوت ہیں۔ مدھو یاشکی گوڑ نے کہا کہ تلنگانہ میں ٹی آر ایس حکومت کی بہتر کارکردگی کے لیے مرکز میں کانگریس کا اقتدار ضروری ہے۔ میڈیا کمیٹی کے اجلاس میں لوک سبھا انتخابات کی مہم کا جائزہ لیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ 15 فبروری تک ضلعی سطح پر میڈیا کمیٹی کی تشکیل کا عمل مکمل کرلیا جائے گا۔ ہر ضلع میں ایک کوآرڈینیٹر نامزد رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں 16 لوک سبھا نشستوں پر ٹی آر ایس کی کامیابی ریاست کو فائدہ نہیں ہوگا برخلاف اس کے اگر کانگریس پارٹی کامیاب ہوتی ہے تو راہول گاندھی ملک کے وزیراعظم ہوں گے اور تلنگانہ سے کیے گئے وعدوں کی تکمیل کی جائے گی۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ چیف منسٹر کے سی آر کابینہ کی تشکیل کے بغیر ڈکٹیٹر کے انداز میں حکومت چلارہے ہیں۔ انہوں نے عوامی منتخب نمائندوں کی اہمیت کو ختم کردیا ہے اور انہیں عملاً مزدور بنادیا ہے۔ مدھو یاشکی نے کہا کہ اسمبلی کے مقابلے لوک سبھا انتخابات میں عوام کی ترجیحات مختلف ہوتی ہیں۔ انہیں یقین ہے کہ لوک سبھا چنائو میں اقلیتوں کی تائید کانگریس کے ساتھ رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی انتخابی مہم کے وقت کے سی آر نے کہا تھا کہ اسمبلی کے لیے ٹی آر ایس کو اور لوک سبھا میں کانگریس کو ووٹ دینے پر کوئی اعتراض نہیں ہے۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ کانگریس مرکز میں برسر اقتدار آئے گی۔ مدھو یاشکی نے کہا کہ کانگریس کے اقتدار کے خوف سے کے سی آر کابینہ کی تشکیل میں تاخیر کررہے ہیں۔ تین ریاستوں میں کانگریس کی کامیابی کے بعد سے عوام کی ذہنیت تبدیل ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کس لوک سبھا حلقہ سے کون مقابلہ کرے گا اس کا فیصلہ ہائی کمان کرے گا۔ اے آئی سی سی ترجمان ڈی شراون نے کہا کہ پرینکا گاندھی تلنگانہ میں پارٹی کے انتخابی مہم میں حصہ لیں گیں۔ کانگریس نے کسی کوشش کے بغیر 3000 سرپنچ کی نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے۔ نائب صدر پردیش کانگریس ملوروی نے کہا کہ بعض قائدین کی خواہش پر انہوں نے حلقہ لوک سبھا ناگرکرنول سے پارٹی ٹکٹ کے لیے درخواست دی ہے۔ اسی دوران مدھو یاشکی نے میڈیا کمیٹی کے ارکان کی حیثیت سے کے ہری پرساد رائو، پلے روی کمار اور سدھاکر گوڑ کو نامزد کیا ہے۔