راہول اور پرینکا کی 18 اکٹوبر سے تلنگانہ میں کانگریس کی انتخابی مہم

   

3 دن تک تقریباً 10 اسمبلی حلقہ جات کا احاطہ، پدیاترا اور عام جلسوں سے خطاب

حیدرآباد۔/15 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) کانگریس قائدین راہول گاندھی اور پرینکا گاندھی 18 اکٹوبر کو تلنگانہ میں کانگریس کی انتخابی مہم کا آغاز کرتے ہوئے تین دن تک تلنگانہ کے پانچ اضلاع میں پدیاترا اور عوامی جلسوں سے خطاب کریں گے۔ جنرل سکریٹری اے آئی سی سی انچارج تلنگانہ مانک راؤ ٹھاکرے اور صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے تفصیلات جاری کرتے ہوئے بتایا کہ 18 اکٹوبر کو ملگ ٹاون سے 15 کیلو میٹر دوری پر واقع مشہور رامپا مندر میں شام 4 بجے خصوصی پوجا کے بعد انتخابی مہم کا آغاز ہوگا۔ راہول گاندھی اور پرینکا گاندھی بھوپال پلی میں خواتین کے جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔ دونوں قائدین کے دورہ کو وجئے بھیری پدیاترا کا نام دیا گیا ہے۔ خواتین کے جلسہ عام کے بعد پرینکا گاندھی نئی دہلی واپس ہوجائیں گی جبکہ راہول گاندھی مزید دو دن تک اپنا دورہ جاری رکھیں گے۔ محبوب آباد کے ملگ اور ورنگل کے بھوپال پلی کے دورہ کے بعد 19 اکٹوبر کو راہول گاندھی راما گنڈم میں سنگارینی کالریز کے ملازمین سے ملاقات کریں گے اور ان کے مسائل پر تبادلہ خیال کریں گے۔ پدا پلی میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے اور رائس ملرس اسوسی ایشن اور کسانوں کے نمائندوں سے بات چیت کریں گے۔ راہول گاندھی شام میں کریم نگر میں پدیاترا اور جلسہ عام میں شرکت کریں گے۔19 اکٹوبر کو راہول گاندھی جگتیال، بودھن اور آرمور میں پدیاترا اور عام جلسوں سے خطاب کریں گے۔ وہ بیڑی ورکرس اور خلیجی ممالک سے واپس ہونے والے افراد کے خاندانوں سے ملاقات کریں گے۔ بودھن میں نظام شوگر فیکٹری کا دورہ کریں گے اور آرمور میں شکر اور ہلدی کے کسانوں سے ملاقات کریں گے۔ شام میں نظام آباد ٹاون میں پدیاترا اور جلسہ عام سے خطاب ہوگا۔ ریونت ریڈی نے بتایا کہ دسہرہ کے بعد دوسرے مرحلہ کی انتخابی مہم ہوگی اور پرچہ نامزدگی کے ادخال کے بعد تیسرے مرحلہ کی مہم میں قومی قائدین حصہ لیں گے۔