بنگلور۔ 18 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) سفید گیند کی کرکٹ میں شاندار مظاہرہ کررہے کے ایل راہول کل یہاں دورہ نیوزی لینڈ کے لئے ونڈے اور ٹسٹ کیلئے جب ٹیم کا انتخاب ہوگا، اس وقت ٹسٹ ٹیم میں واپسی کیلئے مضبوط امیدوار ہیں۔ علاوہ ازیں ہاردک پانڈیا کی بھی واپسی ممکن ہے۔ راہول جوکہ ہندوستان کیلئے ونڈے اور ٹی ٹوئنٹی میں کافی استقلال کے ساتھ مظاہرہ کررہے ہیں، دورہ آسٹریلیا کے بعد سے ٹسٹ کرکٹ میں وہ مستقل مزاجی کے ساتھ مظاہرے نہیں کرپارہے ہیں۔ دریں اثناء کپتان ویراٹ کوہلی نے کہا ہے کہ راہول جیسے کسی کھلاڑی کو کسی بھی طرز کی ٹیم سے باہر رہنا انتہائی مشکل ہوتا ہے، نیز پارتھیو شاہ مکمل فٹ ہوچکے ہیں اور ان کی واپسی بھی متوقع ہے۔ فاسٹ بولنگ شعبہ میں نودیپ سائنی کے ساتھ کلدیپ یادو کو تیسرے اسپنر کے طور پر ٹیم میں شامل کیا جاسکتا ہے۔ رویندر جڈیجہ جو سفید گیند کی کرکٹ میں بہتر مظاہرہ کررہے ہیں، ان کی بھی دورۂ نیوزی لینڈ کیلئے ٹیم میں شمولیت یقینی دکھائی دے رہی ہے۔ ہاردک پانڈیا جوکہ حالیہ برسوں میں ہندوستان کے نمبر ایک آل راؤنڈر رہے ، تاہم فٹنس کے مسائل نے انہیں ٹیم سے باہر رکھا ہے۔