راہول رائے بریلی سے کانگریس امیدوار

,

   

گاندھی خاندان کی روایتی لوک سبھا نشست امیٹھی پارٹی کارکن کو دی گئی

رائے بریلی : کانگریس نے گاندھی خاندان کے روایتی لوک سبھا پارلیمانی حلقہ جات اترپردیش کے رائے بریلی اور امیٹھی کے تعلق سے تجسس کو آج ختم کرتے ہوئے پارٹی لیڈر راہول گاندھی کو رائے بریلی سے بھی انتخابی میدان میں اتاردیا ۔ پارٹی کے جنرل سکریٹری کے سی وینو گوپال نے کہا کہ پارٹی کی مرکزی الیکشن کمیٹی نے رائے بریلی سے راہول گاندھی اور امیٹھی سے کشوری لال شرما کو امیدوار بنایا ہے ۔ یہ دوونوں لوک سبھا سیٹیں گاندھی خاندان کی روایتی نشستیں رہی ہیں ۔ راہول نے آج دوپہر رائے بریلی کے کلکٹریٹ پہنچ کر اپنا پرچہ نامزدگی داخل کیا ۔ اس موقع پر ان کی والدہ سونیا گاندھی ، پارٹی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی اور صدر کانگریس ملک ارجن کھرگے موجود تھے ۔ سونیا گاندھی 1999 ء سے پارلیمنٹ میں رائے بریلی کی نمائندگی کرتی رہیں ۔ تاہم اس مرتبہ انہوں نے صحت کی وجوہات کی بناء جاریہ الیکشن میں حصہ لینے سے منع کردیا ۔ رائے بریلی میں راہول کا مقابلہ بی جے پی کے دنیش پرتاپ سنگھ سے ہوگا ۔ انہوں نے بھی آج ہی اپنا پرچہ نامزدگی داخل کیا ہے ۔ اس سے پہلے 2019 ء میں راہول بی جے پی کی سمرتی ایرانی سے امیٹھی کا الیکشن ہار گئے تھے لیکن وہ کیرالا کی وائناڈسیٹ سے الیکشن جیت کر لوک سبھا پہنچے تھے ۔ آج راہول کی نامزدگی کے ادخال کے موقع پر جلوس کے دوران ہزاروں حامیوں کی بھیڑ تھی اور لوگ شدید گرمی میں سڑک کے دونوں طرف اور چھتوں پر گاندھی خاندان کی ایک جھلک دیکھنے کیلئے کھڑے تھے ۔ رائے بریلی کے کئی علاقوں میں ٹریفک جام ہوگیا ۔ امیٹھی سے پارٹی امیدوار کشوری لال 1983ء سے کانگریس سے جڑے ہیں ۔

کیمبرج یونیورسٹی سے ایم فل راہول 20کروڑ کے مالک
رائے بریلی: گاندھی خاندان کی روایتی سیٹ رائے بریلی سے پہلی بار لوک سبھا الیکشن لڑ رہے کانگریس کے سینئر لیڈر راہول گاندھی کل اثاثے 20 کروڑ روپے سے زیادہ ہیں۔ راہول گاندھی نے جمعہ کو رائے بریلی سے اپنا کاغذات نامزدگی داخل کیا ہے جس میں آمدنی کی تفصیلات میں انہوں نے اپنی منقولہ جائیداد 9 کروڑ روپے سے زیادہ اور غیر منقولہ اثاثے 11 کروڑ روپے ظاہر کیے ہیں۔ گاندھی کیمبرج یونیورسٹی سے ایم فل ہیں۔ دوسری جانب بی جے پی کے امیدوار دنیش پرتاپ سنگھ نے اپنی سالانہ آمدنی 22 لاکھ روپے سے زیادہ ظاہر کی ہے ۔ اس کے علاوہ انہوں نے اپنے منقولہ اثاثے ایک کروڑ روپے سے زیادہ اور بیوی کے منقولہ اثاثے 34 لاکھ روپے سے زیادہ ظاہر کیے ہیں۔ انہوں نے اپنے 2 کروڑ روپے سے زائد مالیت کے غیر منقولہ اثاثوں کی تفصیلات بتائی ہیں۔ دنیش پرتاپ سنگھ نے گریجویشن کیا ہے ۔