نئی دہلی: کانگریس میں نئے صدر کے ناموں کو لیکر سیاسی قیاس آرائیاں تیز ہوتی جا رہی ہیں۔ دریں اثناء پارٹی کے جنرل سکریٹری جے رام رمیش نے چہارشنبہ کو واضح کردیا کہ راہول گاندھی نامزدگی کے دوران بھارت جوڑو یاترا پر ہوں گے اور وہ دہلی نہیں جائیں گے۔ رمیش کے اس بیان کے بعد یہ طے ہو گیا ہیکہ راہول پارٹی کے صدر کا عہدہ نہیں سنبھالیں گے۔ کانگریس صدر کے انتخاب کو لیکر دہلی میں بھی ہلچل مچی ہے۔ راجستھان کے چیف منسٹر اشوک گہلوت نے آج سونیا گاندھی سے ملاقات کی ۔ اس دوران پارٹی ایم پی ششی تھرور کانگریس ہیڈکوارٹر پہنچے اور سنٹرل الیکشن اتھارٹی سے ملاقات کی۔ پارٹی کے دونوں سینئر قائدین صدر کے عہدہ کیلئے الیکشن لڑ سکتے ہیں۔راہول گاندھی بھارت جوڑو یاترا سے وقفہ لیکر 23 ستمبر کو دہلی آئیں گے۔ رمیش نے کہا کہ راہول اپنی والدہ سونیا سے ملیں گے۔ اس دوران راہول سونیا سے نئے صدر کے نام پر بات چیت کر سکتے ہیں۔20 ستمبر کو سونیا گاندھی نے تنظیم کے جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال کو کیرالا سے واپس بلایا تھا۔ کانگریس صدر کے عہدہ کیلئے نامزدگی 24 ستمبر سے 30 ستمبر تک دہلی ہیڈکوارٹر میں داخل کی جانی ہے۔ امیدواروں کو آمنے سامنے کاغذات نامزدگی داخل کرنے ہوں گے۔