راہول ‘ مہا گٹھ بندھن کے وزارت عظمی امیدوار کا نام بتانے سے قاصر : شاہ

,

   

پولاسرا/ بارگڑھ ( اوڈیشہ ) 7 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) مہا گٹھ بندھن کے وزارت عظمی امیدوار کے اعلان نہ کرپانے پر کانگریس صدر راہول گاندھی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے بی جے پی صدر امیت شاہ نے آج کہا کہ نریندر مودی ایک اور معیاد کیلئے این ڈی اے کا واضح انتخاب ہیں۔ جنوبی اوڈیشہ میں مختلف مقامات پر مسلسل انتخابی جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے بی جے پی صدر نے واضح کیا کہ صرف مودی ہی ملک سے دہشت گردوں کا خاتمہ کرتے ہوئے اسے محفوظ رکھ سکتے ہیں اور ترقی کو یقینی بناسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی عوام کو یہ بتانے سے بھی قاصر ہیں کہ مہا گٹھ بندھن کا لیڈر کون ہوگا ۔ وہ خود نہیں جانتے کہ اگر اس مہا گٹھ بندھن کو اکثریت حاصل ہوجائے تو وزیر اعظم کون ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی کا ایک اور مرتبہ وزیر اعظم بننا یقینی ہے وہ این ڈی اے کا واضح انتخاب ہیں۔ راہول گاندھی یہ جواب تک نہیں دے سکتے کہ مہا گٹھ بندھن کا لیلار کون ہوگا اور کس کو وزیر اعظم بنایا جائیگا ۔ شاہ نے کہا کہ کسی نے ان سے کہا کہ مایاوتی پیر کو وزیر اعظم ہونگی ‘ اکھیلیش منگل کو وزیر اعظم ہونگے ‘ لالو یادو چہارشنبہ کو وزیر اعظم ہونگے ‘ چندرا بابو نائیڈو جمعرات کو وزیر اعظم ہونگے ‘ اسٹالن جمعہ کو وزیر اعظم ہونگے اور ہفتے کو راہول گاندھی ہونگے جبکہ اتوار کو تعطیل رہے گی ۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی قیادت سے ملک کو ترقی نہیں دلائی جاسکتی ۔ کانگریس نے ملک پر طویل عرصہ تک حکمرانی کی ہے اور اوڈیشہ میں بھی کانگریس کی حکومت رہی ہے لیکن اس نے کوئی ترقیاتی کام نہیں کئے گئے ہیں۔ اوڈیشہ میں نوین پٹنائک کی بی جے ڈی کو کانگریس کی بی ٹیم قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انتخابات کے بعد یہ دونوں جماعتیں متحد ہوجائیں گی ۔ اس کا لیکن بی جے پی پر کوئی اثر نہیں ہوگا کیونکہ بی جے پی بھاری اکثریت سے مرکز میں اقتدار حاصل کریگی ۔