سماج وادی پارٹی اور مجلس نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا
ممبئی: مہاراشٹرا میں سیاسی اتھل پتھل کے درمیان اتوار کے روز اسمبلی میں 2 روزہ خصوصی اجلاس شروع ہوا۔ اجلاس کے پہلے دن اسپیکر کے عہدے کے لئے انتخاب ہوا، جس میں ایکناتھ شنڈے گروپ کے راہول نارویکر مہاراشٹرا اسمبلی کے نئے اسپیکر منتخب ہوئے۔ نارویکر بی جے پی کے رکن اسمبلی ہیں۔ ارکان اسمبلی نے ندائی ووٹ دے کر نئے اسپیکر کا انتخاب کیا۔خیال رہے کہ شنڈے گروپ اور بی جے پی کی جانب سے راہول نارویکر کو اسپیکر عہدے کا امیدوار بنایا گیا تھا جبکہ ادھو ٹھاکرے اور ایم وی اے نے راجن سالوی کو امیدوار بنایا تھا۔ نارویکر نے مطلوبہ 144 ووٹ سے زیادہ 164 ووٹ حاصل کئے ہیں جبکہ ایم وی اے کے راجن سالوی کو107حاصل ہوئے ۔خیال رہے کہ مہاوکاس اگھاڑی کی حلیف جماعت کانگریس نے سیاسی بحران کے درمیان اسپیکر عہدے کا انتخاب کرانے کے فیصلہ کو چیلنج کیا تھا۔ انہوں نے گورنر کو ایک مکتوب پیش کرتے ہوئے کہا تھا کہ عدالت میں معاملہ زیر التوا ہونے کے سبب اسپیکر کا انتخاب ممکن نہیں ہے۔ تاہم اقتدار میں تبدیلی کے ساتھ ہی گورنر کا رخ تبدیل ہو گیا۔ لہذا ادھو خیمہ کی جانب سے ان پر لگاتار تنقید کی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ گورنر جانبداری سے کام کر رہے ہیں۔نارویکر مہاراشٹرا کی تاریخ کے سب سے کم عمر اسپیکر اسمبلی ہیں ۔مجلس کے ایک رکن اسمبلی اور سماج وادی پارٹی نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا ۔