راہول نے غریب بچوں کی مدد کیلئے ورلڈکپ کٹ کا عطیہ دیا

   

نئی دہلی۔21 اپریل(سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کے اسٹار اوپنر کے ایل راہول نے غریب اور پسماندہ بچوں کو معاشی مدد فراہم کرنے کے لئے پچھلے سال ورلڈ کپ کے دوران استعمال کئے گئے کرکٹ سے متعلق سامان اور کرکٹنگ اشیاء کو عطیہ کرکے اپنا کردار ادا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اپنی سالگرہ کے موقع پر ٹویٹر پر پوسٹ کیے گئے ایک ویڈیو پیغام میں راہول نے کہا کہ نیلامی سے حاصل ہونے والی تمام رقم اوئیر فاونڈیشن کو جائے گی ، جو ہندوستان میں بے گھر ، پسماندہ اور کمزور بچوں کو تعلیم کا حق فراہم کرنے کے لئے کام کرتی ہے۔راہول نے کہا کہ میں نے اپنے اشتراکی رفیق بھارت آرمی کو اپنے کرکٹ پیڈ ، اپنے دستانے ، ہیلمٹ اور اپنی کچھ جرسی عطیہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وہ ان چیزوں کو نیلام کریں گے اور نیلامی سے موصول ہونے والی مکمل رقم اوئیر فاونڈیشن کو دی جائے گی۔یہ ایک ایسی فاونڈیشن ہے جو بچوں کی مدد کرتی ہے۔ یہ بہت ہی خاص ہے اور میں اس کے علاوہ اور بہتر کا انتخاب نہیں کرسکتا۔نیلامی کے لئے جو سامان دئے گئے ہیں ان میں راہول کے دستخط شدہ 2019 ورلڈ کپ بیٹ ، ٹسٹ ، ونڈے اور ٹی 20 جرسی کے ساتھ ان کے بیٹنگ کے دستانے ، ہیلمٹ اور پیڈ بھی شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ نیلامی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور مجھ سے اور بچوں سے کچھ محبت کا اظہار کریں اور آئیے ہم اس مشکل وقت کا ساتھ ساتھ مقابلہ کریں۔