راہول نے نفرت کے ’غبارہ‘ کو پنکچر کردیا:طارق انور

   

نئی دہلی : کانگریس پارٹی کے قومی جنرل سکریٹری اور سابق مرکزی وزیر طارق انور نے کہاکہ جو لوگ کانگریس پارٹی پر سوال کھڑا کرتے ہیں وہ ہندوستان اور کانگریس دونوں کی تاریخ سے ناواقف ہیں۔ انہوںنے کہاکہ کانگریس پارٹی نے ملک کیلئے بھی قربانیاں دیں اور آزادی کے بعد بھی کانگریس کے لوگوں نے ملک کو متحد رکھنے کیلئے قربانی دی اور راہل گاندھی نے جو جدوجہد کی ہے ،اس کی بنیاد پر لوگ یہ کہہ رہے ہیں کہ ہم نے گاندھی کو تو نہیں لیکن راہول گاندھی کو ضرور دیکھا ہے ۔ راہول نے نفرت کے غبارہ کو پنکچر کردیا ۔یہاں کانسٹی ٹیوشن کلب میں کے ایم خان( سابق رکن پارلیمنٹ ) میموریل لیکچر سے خطاب کرتے ہوئے طارق انور نے کہاکہ کانگریس کی تاریخ قربانیوں سے عبارت ہے اور اس پر کسی کو شک نہیں ہونا چاہئے ۔ انہوںنے کہاکہ ہندوستان اور کانگریس دونوں کی تاریخ کو لوگوں کو پڑھنا چاہئے ۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں اس بات کی خوشی ہے کہ آج کے ایم خان کو یاد کیا جارہا ہے ، جنہوںنے فرقہ وارانہ ہم آہنگی کیلئے شاندار کام کیا ہے ۔ اس موقع پر اتراکھنڈ کے سابق وزیراعلیٰ ہریش راوت نے بیڑی و دیگر ملازمین کیلئے کے ایم خان کی قربانیوں کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ وہ کانگریس پارٹی کے ایسے سپاہی تھے جن کی گرفت زمین پر تھی۔ اور ہمیں خوشی ہے کہ ان کے فرزند اے ایم خان بھی انہی کے راستے پر چل رہے ہیں، جن کے والد نے ہندوستان اور عرب کے رشتوں میںمضبوطی لانے کافی کا کام کیا ۔