راہول و پرینکا گاندھی پر سی اے اے کے بارے میں افواہوں کا الزام

   

مرکزی وزیر داخلہ وقومی صدر بی جے پی امیت شاہ بیان
نئی دہلی ۔5جنوری ۔(سیاست ڈاٹ کام) قومی صدر بی جے پی و مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے اتوار کے دن کانگریس قائدین راہول گاندھی اور پرینکا گاندھی وڈرا پر عوام کو شہریت قانون میں ترمیم کے بارے میں افواہیں پھیلانے اور عوام کو فسادات پر اُکسانے کا الزام عائد کیا۔ امیت شاہ نے اقلیتی برادریوں کے ارکان کو تیقن دیا کہ اُن میں سے کسی کو بھی اس قانون کی وجہ سے ملک چھوڑنے کیلئے نہیں کہا جائے گا اور نہ ہندوستانی شہریت سے محروم کیا جائے گا ۔ اُنھوں نے کہاکہ قانون خود تعصب کا شکار اقلیتوں کو جن کا تعلق پڑوسی ممالک سے ہے ہندوستانی شہریت عطا کرنے کا تیقن دیتا ہے اور خود اپنے شہریوں کو کیسے شہریت سے محروم کرسکتا ہے ۔ اُنھوں نے کہاکہ تین پڑوسی ممالک کے تعصب کا شکار پناہ گزینوں کو ہندوستان کی شہریت عطا کی جائے گی ۔ چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال پر تنقید کرتے ہوئے قومی صدر بی جے پی نے کہاکہ پانچ سال قبل وہ برسراقتدار آئے تھے اور اُنھوں نے کئی مسائل پر اپنے عوام کو گمراہ کیا ہے ۔ پانچ سال قبل اُنھوں نے عوام کو بااختیار بنانے کا تیقن دیا تھا لیکن کسی کو بھی اختیار حاصل نہیں ہوا ۔ امیت شاہ نے الزام عائد کیا کہ کجریوال ہمیشہ عوام کو گمراہ کرتے رہے ہیں جبکہ بی جے پی برسراقتدار آنے پر اُس کے وزیراعظم نریندر مودی نے کبھی عوام کو گمراہ کن تیقنات نہیں دیئے ۔