بنگلورو ۔ ٹی20 ورلڈکپ 2024 کی تاریخی جیت کے بعد ہندوستانی کرکٹ بورڈ ( بی سی سی آئی ) نے ٹیم انڈیا کے لیے 125کروڑ روپئے کی انعامی رقم کا اعلان کیا تھا۔ یہ انعامی رقم کھلاڑیوں اور کوچنگ عملہ کے 42 ارکان میں تقسیم کی جائے گی۔ رپورٹس کے مطابق ٹیم کے تمام 15 کھلاڑیوں اور کوچ راہول ڈراویڈ کو فی کس پانچ کروڑ روپئے ملیں گے۔ ساتھ ہی، کوچنگ اسٹاف کے بقیہ ارکان کو فی کس2.5 کروڑ روپئے دیے جائیں گے لیکن اس دوران راہول ڈراویڈ نے ایک بڑا فیصلہ لیا ہے جس نے سب کا دل جیت لیا ہے۔ راہول ڈراویڈ نے بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا سے ملنے والی انعامی رقم کا نصف حصہ نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق ڈراویڈ چاہتے ہیں کہ انعامی رقم اُن کے باقی کوچنگ اسٹاف کے برابر ہو، جس کی وجہ سے انہوں نے 5 کروڑ روپئے میں سے نصف یعنی 2.5 کروڑ روپئے چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وہ اب کوچنگ اسٹاف کے باقی ارکان کی طرح 2.5 کروڑ روپئے لیں گے۔ اسی طرح کا فیصلہ 2018 میں بھی کیا گیا تھا۔ 2018 میں ہندوستان نے انڈر19 ورلڈ کپ جیتا تھا۔ تب بی سی سی آئی نے کھلاڑیوں کو فی کس 30 لاکھ روپے، ڈراویڈ کو 50 لاکھ اور معاون عملے کو 20-20 لاکھ روپئے دینے کا فیصلہ کیا تھا لیکن اس وقت کوچ نے 50 لاکھ روپئے لینے سے انکارکردیا تھا۔ اس کے بعد بی سی سی آئی نے راہول ڈراویڈ سمیت معاون عملہ کو فی کس 25 لاکھ روپئے دیئے تھے۔ راہول ڈراویڈ کو 2021 میں ٹیم انڈیا کا کوچ بنایا گیا تھا۔ ڈراویڈ اس وقت تک نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے ڈائریکٹر تھے اور انڈر 19 ٹیم کی کوچنگ کرتے تھے۔ راہول ڈراویڈ کے دور میں ٹیم انڈیا کی کارکردگی کافی شاندار رہی ہے۔ ٹیم انڈیا تینوں فارمیٹس میں پہلے نمبر پر رہی، ونڈے ورلڈ کپ اور ٹسٹ چمپئن شپ کے فائنل تک کھیلی اورٹی20 ورلڈ کپ ٹرافی جیت کر آئی سی سی ٹرافی کا قحط بھی ختم کیا۔
پیرس اولمپکس، سعودی کھلاڑیوں کا اعلان
ریاض ۔ سعودی اولمپک کمیٹی نے پیرس اولمپکس 2024ء میں شرکت کرنے والے اپنے 10 ایتھلیٹس کا اعلان کردیا۔اس مرتبہ 26 جولائی سے 11 اگست تک اولمپکس کا انعقاد پیرس میں ہوگا جس میں دنیا بھر سے ایتھلیٹ شرکت کریں گے۔سعودی میڈیا کے مطابق اولمپکس 2024ء میں سعودی ایتھلیٹس شو جمپنگ، تائیکوانڈو، ایتھلیٹکس اور تیراکی کے مقابلوں میں حصہ لیں گے۔تیراکی کے مقابلوں میں پہلی مرتبہ سعودی خاتون بھی ایکشن میں نظر آئیں گی۔ 17 سالہ مشعیل العید 200 میٹر فری اسٹائل ایونٹ میں حصہ لیں گی۔علاوہ ازیں اولمپکس کے لیے براہ راست کوالیفائی کرنے والی خاتون دونیا ابو طالب بھی تائیکوانڈو مقابلوں میں حصہ لیں گی۔