راہول ڈراویڈ کو بی سی سی کا کارنامہ حیات ایوارڈ !

   

نئی دہلی، 12 مارچ (آئی اے این ایس) ہندوستانی ٹیم کے سابق کپتان اور کوچ راہول ڈراویڈ کو ہندوستانی کرکٹ میں ان کی غیر معمولی خدمات کے اعتراف میں بورڈ آف کنٹرول فارکرکٹ اِن انڈیا(بی سی سی آئی) کی سالانہ تقریب میں سی کے نائیڈو لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازے جانے کا امکان ہے، جبکہ ٹسٹ اورونڈے ٹیم کے کپتان شبھمن گل کو مردوں کے سال کے بہترین بین الاقوامی کرکٹر کا اعزاز مل سکتا ہے۔ بی سی سی آئی کی سالانہ ایوارڈ تقریب نامن15 مارچ کو قومی دارالحکومت نئی دہلی میں منعقد ہوگی۔ اس تقریب میں حالیہ آئی سی سی مینز ٹی20 ورلڈ کپ جیتنے والی ہندوستانی ٹیم آئی سی سی چمپئنز ٹرافی 2025 کی فاتح ٹیم، 2025 ویمنز ونڈے ورلڈکپ جیتنے والی ٹیم اور انڈر19 عالمی کپ جیتنے والی لڑکوں اور لڑکیوں کی ٹیموں کو بھی اعزاز سے نوازا جائے گا۔ راہول ڈراویڈ جنہوں نے بطور ہیڈ کوچ ہندوستان کو 2024 کے ٹی20 ورلڈکپ کا خطاب دلانے میں اہم کردار ادا کیا تھا، انہیں ہندوستانی کرکٹ میں ان کی خدمات کے اعتراف میں یہ بڑا اعزاز دیا جائے گا۔ دوسری جانب 26 سالہ شبھمن گل اگرچہ حالیہ ٹی20 ورلڈکپ جیتنے والی ٹیم کا حصہ نہیں تھے، لیکن انہیں مردوں کے بہترین بین الاقوامی کرکٹرکے لیے پولی عمریگر ایوارڈ ملنے کا امکان ہے۔ گل نے 2025 میں ٹسٹ کرکٹ میں 983 رنز بنائے جن میں انگلینڈ کے خلاف بیرون ملک 2-2 سے برابر رہنے والی سیریز میں754 رنز شامل تھے اور ان کی اوسط70 سے زیادہ رہی۔ ونڈیکرکٹ میں انہوں نے 490 رنز اسکور کیے جن میں سے 188 رنز چمپئنز ٹرافی جیتنے والی مہم کے دوران بنائے گئے۔ ذرائع کے مطابق بی سی سی آئی کی جانب سے ورلڈکپ جیتنے والی خواتین ٹیم کے چند کھلاڑی ایوارڈ تقریب میں شریک نہیں ہو سکیں گے کیونکہ اسی روز بنگلورو میں سینئر ویمنز انٹر زونل ونڈے ٹرافی کا فائنل جبکہ رانچی میں ویمنزانڈر 23 ونڈے ٹرافی کے ایلیٹ پری کوارٹر فائنلزمنعقد ہوں گے۔ ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ ممبئی کرکٹ اسوسی ایشن کو گھریلو کرکٹ میں مسلسل تیسرے سال بہترین کارکردگی دکھانے والی اسوسی ایشن کے طور پر اعزاز دیا جائے گا۔ ودربھ کے دو کھلاڑیوں یش دوبے اور یش راٹھوڑکو رانجی ٹرافی کے ایلیٹ گروپ میں بالترتیب سب سے زیادہ وکٹیں لینے اور سب سے زیادہ رنز بنانے پر مادھوراو سندھیا ایوارڈ دیا جائے گا۔ یش دوبے کو رانجی ٹرافی 2024/25 سیزن میں بہترین آل راؤنڈر قرار دیے جانے پر باوقار لالا امرناتھ ایوارڈ بھی ملنے کا امکان ہے، جبکہ الہاس کو بہترین امپائر کا اعزاز دیا جا سکتا ہے۔ انڈر 16وجے مرچنٹ ٹرافی میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے شانتھنو سنگھ اور سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے یش بردھن سنگھ چوہان کو جگموہن ڈالمیا ٹرافی دی جائے گی۔