راہول کا دورۂ جموں وکشمیر

   

جموں: کانگریس کے سینئر لیڈر اور لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی اور صدر کانگریس ملک ارجن کھرگے چہارشنبہ کو جموں و کشمیر کے دو روزہ دورے پر آرہے ہیں۔ پارٹی ذرائع نے بتایا کہ راہول گاندھی اور ملک ارجن کھرگے جموں و کشمیر کے دو روزہ دورے کے لئے چہارشنبہکو جموں پہنچیں گے۔ انہوں نے کہا کہ راہول اسی شام سری نگر کے لئے روانہ ہوں گے جہاں وہ اسمبلی الیکشن کی تیاریوں کے سلسلے میں پارٹی کے لیڈروں اور کارکنوں کے ساتھ تبادلہ خیال کریں گے ۔جموں وکشمیر میں تین مرحلوں پر محیط 18 ستمبر سے شروع ہونے والے اسمبلی انتخابات کے پیش نظر پارٹی قیادت کا یہ دورۂ یونین ٹریٹری انتہائی اہمیت کا حامل ہے ۔جموں وکشمیر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر طارق قرہ نے گزشتہ روز کہا تھا کہ کانگریس ہم خیال جماعتوں کے ساتھ انتخابی اتحاد کرنے کے لئے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں پی ڈی پی کے ساتھ کسی سطح پر بات چیت جاری ہے جبکہ نیشنل کانفرنس نے بھی کانگریس کی مرکزی قیادت کے ساتھ رابطہ کیا ہے۔