راہول کا موسے والا کے خاندان سے اظہار تعزیت

   

مانسا: کانگریس لیڈر راہول گاندھی آج دوپہر مشہور پنجابی گلوکار شبھدیپ عرف سدھو موسے والا کے سوگوار خاندان والوں کو تسلی دینے کے لئے موسے والا گاؤں واقع ان کے گھرپہنچے ۔ پنجاب کے مانسا ضلع کے موسے والا گاؤں میں مسٹر گاندھی کے ساتھ ریاستی کانگریس صدر امریندر راجہ وڈنگ، پارٹی انچارج ہریش چودھری اور کانگریس کے سینئر لیڈران اور کارکنان تھے ۔ انہوں نے سدھو موسے والا کے والدین سے ملاقات کرکے اپنا دکھ بانٹا۔ مسٹر گاندھی تقریباً ایک گھنٹے تک کنبہ کے ساتھ رہے ۔ واضح رہے کہ 28 سال کی عمر میں ملک اور بیرون ملک نام کمانے والے اس نوجوان کو شارپ شوٹرز نے 29 مئی بروز اتوار شام کو اس وقت غیر ملکی ہتھیاروں سے فائرنگ کر کے قتل کر دیا جب وہ اپنی بیمار خالہ کی مزاج پرسی کرنے پاس کے گاؤں جارہے تھے ۔ مہینوں سے ان کی ریکی کررہے جرائم پیشوں نے شوٹروں کو ساری معلومات دی تھی۔ان کے قتل کی وجہ سے ملک اور بیرون ملک ان کے چاہنے والے بہت غمگین ہو ئے ۔ سدھو موسے والا نے مانسا سیٹ سے کانگریس کے ٹکٹ پر الیکشن لڑا تھا لیکن الیکشن ہار گئے تھے۔