راہول کو زیادہ اہمیت دینے کی ضرورت نہیں : سمرتی ایرانی

   

نئی دہلی : سابقہ اداکارہ اور موجودہ مرکزی وزیر سمرتی ایرانی کا کہنا ہے کہ کانگریس قائد راہول گاندھی اپنی خاندانی میراث کھو چکے ہیں، انہیں اتنی اہمیت دینے کی ضرورت نہیں ہے۔ حال ہی میں میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے سمرتی ایرانی نے اپنے حریف راہول گاندھی کو لوک سبھا کے انتخابات میں اتر پردیش کے علاقہ امیٹھی سے کاغذ نامزدگی جمع نہ کروانے پر آڑے ہاتھوں لے لیا۔ دوران انٹرویو میزبان کے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے انکشاف کیا ہے کہ رواں سال کے انتخابات میں کانگریس قائد راہول گاندھی، جنہیں انہوں نے 2019 میں شکست دی تھی، رواں سال ان کے خلاف کھڑے نہیں ہو رہے بلکہ وہ رائے بریلی سے انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس نے راہول گاندھی کو امیٹھی سے کھڑا نہ کرکے اتر پردیش کی 80 لوک سبھا سیٹوں میں سے 79 سیٹیں بی جے پی کو دے دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی 2019 کے انتخابات میں بھی مجھ سے ہارے تھے، اور اگر اس بار میرے مخالف کھڑے ہوتے تو بھی ہار جاتے اس لیے ان کی پارٹی نے میرے مخالف انہیں کھڑا نہیں کیا۔ انہوں نے میزبان کے بار بار اصرار پر کہا کہ میں اپنے بلبوتے پر عوام کی خدمات کرکے یہاں تک پہنچی ہوں راہول گاندھی کی طرح سیاسی خاندان سے تعلق نہیں ہے۔ وہ اپنی خاندانی میراث بھی کھو چکے ہیں۔ سمرتی ایرانی کا کہنا ہے کہ یہ میرے لیے فخر کی بات ہے کہ ایک عام بی جے پی کارکن نے گاندھی خاندان کی چھٹی کر دی ہے، رائے بریلی کی واحد سیٹ تھی جو کانگریس نے 2019 میں اتر پردیش سے جیتی تھی۔ اس لیے آپ راہول گاندھی کو اتنی اہمیت نہیں دیجئے۔