راہول کو پانچویں صف میں بٹھانا وزیراعظم کی حقیر سوچ کا عکاس: کانگریس

   

نئی دہلی: کانگریس نے آج کہا کہ لال قلعہ میں یوم آزادی تقریب میں لوک سبھا میں قائد اپوزیشن راہول گاندھی کو پانچویں صف میں بٹھانا وزیراعظم نریندر مودی کی ’’کم مائیگی‘‘ اور جمہوری روایات کے عدم احترام کو ظاہر کرتا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ تمام انتظامات کا فیصلہ پہلے ہی کرلیا گیا تھا کہ اولمپک میڈل جیتنے والوں کو یوم آزادی تقاریب میں مہمان ِ خصوصی کی حیثیت سے مدعو کیا جائے گا۔ کانگریس ترجمان سپریاشرناٹے نے دعویٰ کیا کہ وزیراعظم مودی ’’چھوٹی سوچ‘‘ رکھنے والے شخص ہیں اور وہ خود اس کا ثبوت دیتے رہتے ہیں۔ چھوٹی ذہنیت رکھنے والوں سے بڑی چیزوں کی توقع کرنا فضول ہے۔نریندر مودی نے یوم آزادی تقریب میں لوک سبھا میں قائد اپوزیشن راہول گاندھی کو پانچویں صف میں بٹھاتے ہوئے یقینا اپنی جھنجھلاہٹ کا اظہار کیا ہے، لیکن اس کی وجہ سے راہول گاندھی کو کوئی فرق نہیں پڑتا اور وہ عوامی مسائل اٹھاتے رہیں گے، جیسا کہ وہ کرتے آئے ہیں۔


اپوزیشن لیڈر کروڑوں عوام کی آواز ہیں:راہول گاندھی
نئی دہلی: کانگریس کے سابق صدر اور لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی نے جمعرات کو کہا کہ پارلیمنٹ میں اپوزیشن لیڈر ہونا نہ صرف آئینی عہدہ کی ذمہ داری نبھانا ہے بلکہ یہ کروڑوں عوام کی آواز بننا بھی ہے ۔ راہول گاندھی نے کہاکہ یہ صرف ایک آئینی عہدہ نہیں ہے – یہ کروڑوں ہندوستانیوں کی آواز ہے ، اپوزیشن لیڈر کے طور پر میں غریبوں، پسماندوں اور مظلوموں کی حالت زار کو سننا اپنی اولین ذمہ داری سمجھتا ہوں۔ ملک کے باشندوں کے ، ان کے مسائل کو سمجھنے کیلئے اور ہمیں ان کا حل تلاش کرنا ہوگا اور پھر سڑکوں سے پارلیمنٹ تک اپنی آواز اٹھا کر اور حکومت پر دباؤ ڈال کر ان کا حل نکالنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ‘ میں نے گزشتہ 50 دنوں میں پریشانیوں سے دوچار بہت سے لوگوں اور طبقوں سے ملاقات کی، ہر ایک نے کھل کر اپنے خیالات کا اظہار کیا اور میں نے پوری سنجیدگی کے ساتھ ان کی بات سنی، ہر طبقہ کے مسائل حکومت کے سامنے رکھے ، ان کا حل پیش کیا۔ اپنے ساتھی ہم وطنوں کو یقین دلایا کہ ان کی جو بھی مجبوریاں ہوں، ان کے خیالات کو سنا جائے گا اور انہیں اظہار کرنے کا مناسب پلیٹ فارم دیا جائے گا۔
قائد حزب اختلاف نے کہا کہ میں جہاں بھی ہوں، اپوزیشن ہو یا حکومت، میں آپ کا ہی ہوں، آپ کا ہی رہوں گا- میں ہندوستان اور ہندوستانیوں کی آواز بلند کرتا رہوں گا۔