چٹگرام ۔ بائیں ہاتھ کے کلائی کے اسپنر کلدیپ یادوکو جمعہ کو بنگلہ دیش کے خلاف تیسرے اور آخری ونڈے کے لیے ہندوستانی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے جبکہ زخمی روہت شرما کی غیر موجودگی میں کے ایل راہل ٹیم کی قیادت کریں گے۔ بی سی سی آئی نے ٹیم پر نظر ثانی کرنے کے بعد نئے ناموں کا اعلان کیا ہے ۔ یادیو کو ابتدائی طور پر بنگلہ دیش کے خلاف 14 دسمبر کو شروع ہونے والی دو میچوں کی سیریز کے لیے ہندوستان کے ٹسٹ اسکواڈ میں شامل کیا گیا تھا لیکن فاسٹ بولرکلدیپ سین اور دیپک چاہر زخمی ہونے کی وجہ سے باہر ہونے کی وجہ سے انھیں تیسرے اور آخری ونڈے کے لیے بلانا پڑا۔ یادیو نیوزی لینڈ کے دورے پر ہندوستان کے اسکواڈ میں شامل تھے، لیکن انہیں کھیلنے کے لیے کوئی میچ نہیں ملا۔ انہوں نے آخری بار11 اکتوبر کو نئی دہلی میں جنوبی افریقہ کے خلاف ایک ونڈے کھیلا جس میں انہوں نے 4/18کے اعداد وشمار حاصل کیے اور میزبانوں کے لیے سیریز 2-1 سے جیتنے میں اہم کردار ادا کرنے پر پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ حاصل کیا ۔ شیر بنگلہ نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں دوسرے ونڈے میں فیلڈنگ کرتے ہوئے روہت کو دوسرے اوور میں بائیں انگوٹھے پر چوٹ لگی تھی۔ بی سی سی آئی کی میڈیکل ٹیم نے ان کا جائزہ لیا اور ڈھاکہ کے ایک مقامی دواخانہ میں ایکسرے اسکین کروایا گیا۔ وہ انعام الحق کا دوسری سلپ پر فاسٹ بولر محمد سراج کی بولنگ پرکیچ لینے کی کوشش کر رہے تھے کہ گیند ان کے انگوٹھے پر جا لگی۔ بی سی سی آئی نے کہا ہے کہ روہت اب ماہرانہ مشاورت کے لیے گھر واپس ممبئی پہنچ گئے ہیں اور وہ آخری ونڈے نہیں کھیل پائیں گے۔ بی سی سی آئی نے مزید کہا کہ بنگلہ دیش کے خلاف آئندہ دو میچوں کی ٹسٹ سیریز کے لیے ان کی دستیابی پر فیصلہ بعد میں کی جائے گا۔ سین نے اتوار کو بنگلہ دیش کے خلاف پہلے ونڈے کے دوران اپنے بین الاقوامی ڈیبیو میں دو وکٹیں لینے کے بعد اپنی کمر میں تکلیف کی شکایت کی۔ بی سی سی آئی کی میڈیکل ٹیم نے ان کا جائزہ لیا، اور انہیں دوسرے ونڈے سے آرام کا مشورہ دیا گیا۔ بنگلہ دیش کے پاس 2-0 کی ناقابل تسخیر برتری کے ساتھ، ہندوستان کا مقصد ہفتہ کو چٹگرام کے ظہور احمد چودھری اسٹیڈیم میں ہونے والے تیسرے اور آخری ونڈے میں سیریز میں وقار کو برقرار رکھنے کیلئے کامیابی کرنا ہوگا۔ بنگلہ دیش کے خلاف تیسرے ونڈے کے لیے ہندوستانی ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے : کے ایل راہول (کپتان) ، شکھر دھون، ویراٹ کوہلی، رجت پاٹیدار، شریاس آئیر، راہول ترپاٹھی، ایشان کشن (وکٹ کیپر)، شہباز احمد، اکشر پٹیل، واشنگٹن سندر، شاردول ٹھاکر، محمد سراج، عمران ملک، کلدیپ یادیو۔
ابرار کے پہلے ہی میچ میں کئی ریکارڈ
ملتان ۔ ملتان میں انگلینڈ کے خلاف ڈیبیو کرنے والے ابرار احمد کا پہلا میچ توجہ کا مرکز اور یادگار بن گیا۔ ابرار احمد ڈیبیو میچ میں ہر وکٹ کے ساتھ پہلے میچ میں شاندار کارکردگی دکھانے والے بولرز کی فہرست میں آگے بڑھتے رہے۔ پاکستان میں مسٹری اسپنر کے نام سے مشہور ابرار احمد نے انگلینڈ کے بیٹرز کو اپنے جال میں پھنسا لیا۔ ملتان میں ابرار احمد نے اپنے پہلے ہی اوور میں وکٹ حاصل کی جس کے بعد انہوں نے انگلش کھلاڑیوں کو واپس پویلین بھیجنے کا سلسلہ برقرار رکھا۔ ابرار احمد پہلے سیشن میں انگلش بیٹرزکے لیے پریشانی کا باعث بنے رہے، انہوں نے محض 13 اوورز میں انگلینڈ کے ابتدائی 5 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ابرار احمد نے کھانے کے وقفے کے بعد بھی انگلش بیٹرز کو پریشان کیے رکھا اور پاکستان کے لیے چھٹی اور ساتویں وکٹ بھی حاصل کی۔ابرار احمد ڈیبیو ٹیسٹ کے پہلے دن 5 وکٹیں لینے والے پہلے پاکستانی اسپنر بن گئے ہیں۔