تھانے ، 15 نومبر (یو این آئی) مہاراشٹر کے تھانے کی ایک ضلعی عدالت نے کانگریس لیڈر راہول گاندھی کے خلاف دائر ہتک عزت کے مقدمے کی سماعت 6 دسمبر تک ملتوی کر دی ہے ۔ یہ کیس بھیونڈی کے جوائنٹ سول جج، جونیئر ڈویژن کے سامنے آیا، جہاں ہفتہ کے روز سماعت ملتوی کردی گئی۔ سماعت کے دوران شکایت کنندہ راجیش کنٹے کے وکیل پربودھ جیونت نے نظام پورہ تھانہ کے انسپکٹر اشوک سیکر کو بطور گواہ جرح کی اجازت دینے کی درخواست دائر کی۔ یہ درخواست سابقہ عدالتی حکم کے بعد کی گئی ہے جس میں تھانے کو تحقیقات کرنے اور اس کے نتائج کو ریکارڈ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔ انسپکٹر سیکر نے بعد میں تحقیقاتی رپورٹ پیش کی، جس کے بعد شکایت کنندہ نے اس سے دستاویز کے مواد کے بارے میں پوچھ گچھ کرنے کی درخواست کی۔ اس کیس کی سماعت 29 نومبر کو ہونی تھی۔ راہول گاندھی کی نمائندگی کرنے والے ایڈوکیٹ نارائن آئر نے التواء طلب کیا اور عدالت کو بتایا کہ مسٹر راہل گاندھی کی قانونی ٹیم اس تاریخ کو پیش نہیں ہو سکے گی۔ عدالت نے درخواست منظور کرتے ہوئے اگلی سماعت 6 دسمبر کو مقرر کی۔ ہتک عزت کی کارروائی مسٹر کنٹے کی طرف سے دائر کی گئی شکایت سے ہوئی ہے جس میں الزام لگایا گیا ہے کہ راہول گاندھی نے 6 مارچ 2014 کو بھیونڈی کے قریب منعقدہ انتخابی ریلی کے دوران توہین آمیز تبصرے کیے تھے ۔ یہ الزامات گاندھی کے مبینہ بیان سے متعلق ہیں کہ “آر ایس ایس والوں نے مہاتما گاندھی کو قتل کیا،” جو فوجداری مقدمے کی بنیاد ہے ۔