راہول کی آواز کو دبانے حکومت کی مایوسانہ کوشش جاری

,

   

نئی دہلی : کانگریس نے کہا ہے کہ پارٹی کے سابق صدر راہول گاندھی چین کی
دراندازی، کسان، بے روزگاری، مہنگائی جیسے مسائل اجاگر کر کے حکومت کو مسلسل عوامی کٹھہرے میں کھڑا کر رہے ہیں، اس لئے انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ (ای ڈی) کا استعمال کر کے ان کی آواز کو دبانے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔پیر کو صبح سے رات تک 10 گھنٹے راہول سے ای ڈی کی ٹیم نے نیشنل ہیرالڈ کیس سے جڑے منی لانڈرنگ معاملے میں پوچھ تاچھ کی ۔ اِس کے باوجود اُن کی پوچھ گچھ ختم نہیں ہوئی۔ آج منگل کو دوسرے دن بھی سابق صدر کانگریس سے ای ڈی کے دفتر 10 گھنٹے پوچھ تاچھ کی گئی۔ راہول کو کل چہارشنبہ کو تیسرے دن بھی پوچھ گچھ کیلئے ای ڈی کے دفتر طلب کیا گیا ہے۔ کانگریس میڈیا سیل کے سربراہ رندیپ سنگھ سرجے والا نے ای ڈی کی طرف سے راہول کو دوسرے دن پوچھ گچھ کے لئے بلائے جانے سے پہلے آج یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں صحافیوں سے کہا کہ راہول گاندھی نے ہر مسئلہ پر حکومت کو کٹھہرے میں کھڑا کیا ہے اور حکومت کے پاس کوئی جواب نہیں ہے ۔ اس لئے سرکاری ایجنسیوں کے ذریعے راہول گاندھی کو پریشان کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ راہول دو سال سے چینی دراندازی، کسانوں، نوجوانوں کی بے روزگاری، غریبوں، مہنگائی اور قبائلیوں کے مسائل اٹھا رہے ہیں ، جس کی وجہ سے حکومت انہیں پریشان کررہی ہے ۔ حکومت نہیں چاہتی کہ کانگریس عوام کے مسائل اٹھائے ، اس لئے وہ کانگریس کی آواز کو دبانے کی کوشش کر رہی ہے ، لیکن اس کی کوششیں کامیاب نہیں ہوں گی۔کانگریس ترجمان نے کہا کہ حکومت عوامی مسائل کو اٹھانے والی آوازوں کو دبانے کی سازش کر رہی ہے ۔