راہول کی اتوار کو آگرہ میں اکھلیش کیساتھ یاترا

   

Ferty9 Clinic

نئی دہلی : کانگریس کی ’بھارت جوڑو نیائے یاترا‘ فی الحال آرام پر ہے۔ یہ یاترا 24 فروری کو ایک بار پھر شروع ہوگی اور پھر 25 فروری کو اکھلیش یادو بھی اس میں شریک ہوں گے۔ لوک سبھا انتخاب کے پیش نظر اتر پردیش میں کانگریس اور سماجوادی پارٹی کے درمیان سیٹوں کی تقسیم کے بعد دونوں ہی پارٹیوں کے سرکردہ لیڈران اب اتحاد کا مظاہرہ کرتے ہوئے دکھائی دیں گے۔ راہول گاندھی کی قیادت میں چل رہی ’بھارت جوڑو نیائے یاترا‘ میں اکھلیش یادو کی شرکت 25 فروری کو آگرہ میں ہوگی۔ لوک سبھا الیکشن 2024ء سے قبل یو پی اور مدھیہ پردیش میں کانگریس و ایس پی کے درمیان اتحاد ہوا ہے۔ یو پی میں کانگریس 17 سیٹوں پر اپنے امیدوار اتارے گی اور مدھیہ پردیش میں سماجوادی پارٹی ایک سیٹ پر امیدوار کھڑا کرے گی۔
واضح رہے کہ سماجوادی پارٹی چیف اور اتر پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو نے گزشتہ دنوں ایک بیان میں کہا تھا کہ ہم نے کئی دور کی بات چیت کی ہے۔ کئی فہرستوں کا تبادلہ ہوا ہے۔ جب سیٹوں کی تقسیم ہو جائے گی تب سماجوادی پارٹی ان کی یاترا میں شامل ہوگی۔ اب جبکہ دونوں پارٹیوں کے درمیان سیٹوں کی تقسیم کا مسئلہ حل ہو چکا ہے تو 25 فروری کو وہ راہول گاندھی کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے دکھائی دیں گے۔ 24 فروری کو یہ یاترا مراد آباد سے شروع ہوگی اور اس کے بعد سنبھل، علی گڑھ، ہاتھرس اور آگرہ اضلاع کا احاطہ کرے گی۔ اکھلیش یادو اس یاترا میں آگرہ میں شامل ہوں گے۔ اتوار کے روز یہ یاترا راجستھان کے دھولپور پہنچے گی۔