گورنر ہاؤس کے گھیراؤ کے دوران کانگریس قائدین و کارکن گرفتار
بنگلورو :نیشنل ہیرالڈ اخبار کے سلسلے میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کا استعمال کرتے ہوئے کانگریس لیڈر را ہول گاندھی اور سونیا گاندھی کو مبینہ طور پر ہراساں کرنے کے الزام میں جمعرات کو کرناٹک کانگریس نے احتجاج کیا اورگورنرہاؤس کا گھیراؤ کرنے والے کانگریس قائدین اور کارکنوں کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔بڑی تعداد میں کانگریس کارکنان شہر کے کوئنز روڈ پر واقع کے پی سی سی دفتر سے گورنر ہاؤس کا گھیراؤ کرنے جارہے تھے ۔ یہ لوگ بی جے پی کے خلاف نعرے لگارہے تھے اور پیدل مارچ کررہے تھے ، انہیں پولیس نے انڈین ایکسپریس کے قریب روک دیا۔ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سدارامیا نے پولیس کارروائی کی مخالفت شروع کردی۔پولیس نے مداخلت کرتے ہوئے سدارامیا، کرناٹک پردیش کانگریس کے صدر ڈی کے ۔ شیوکمار، قانون ساز کونسل میں اپوزیشن لیڈر بی کے ۔ ہری پرساد سمیت کئی قائدین کو حراست میں لے لیا۔ سینکڑوں دیگر مظاہرین کو بھی حراست میں لے لیا گیا ہے ۔