راہول کی بنگلے سے بے دخلی سیاسی انتقام: پائلٹ

   

جے پور۔ راجستھان کے سابق نائب وزیر اعلی سچن پائلٹ نے جمعرات کو کانگریس کے رکن پارلیمنٹ راہول گاندھی کی نااہلی کو سیاسی انتقام قرار دیا۔انہوں نے کہا عدالتی فیصلے کے 24 گھنٹے کے اندر راہول جی کی رکنیت کو نااہل قرار دینا اور پھر ان کے بنگلے سے بے دخل کرنا ایک طرح کا سیاسی انتقام ہے۔ وجہ یہ ہے کہ راہول گاندھی مسلسل اڈانی کے خلاف بول رہے ہیں ۔ انہیں پارلیمنٹ میں بولنے کی اجازت نہیں دی جا رہی ہے۔ پائلٹ نے مزید کہا یہی وجہ ہے کہ کانگریس سڑک پر احتجاج کر رہی ہے۔ تمام اپوزیشن پارٹیاں ایک ساتھ آگئی ہیں۔جے پور سلسلہ وار بلاسٹ کیس میں تمام ملزمان کی بریت پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے واقعات کے قصورواروں کی رہائی افسوسناک ہے، دھماکے کسی نے کرائے ہوں گے، تحقیقات میں لاپرواہی انتہائی افسوسناک ہے، حکومت کو نئے سرے سے تفتیش کرنی چاہیے۔ پائلٹ نے 25 ستمبر 2022 کے واقعہ پر بھی بات کی جب تقریباً 83 کانگریس ایم ایل ایز نے قیادت کی تبدیلی پر تبادلہ خیال کے لیے چیف منسٹر کی رہائش گاہ پر بلائی گئی سی ایل پی میٹنگ کے خلاف احتجاج کرنے کے لیے اپنے استعفیٰ پیش کر دیے۔انہوں نے کہا میں نے اپنی تجاویز مرکزی قیادت تک پہنچا دی ہیں۔ ہم ہر پانچ سال کے بعد ریاست میں چلنے والی متبادل حکومتوں کے موجودہ رجحان کو تبدیل کرنا چاہتے ہیں۔