نئی دہلی : انٹرنیشنل ماسٹرز لیگ 2025 کا 12 واں میچ انڈیا ماسٹرز اور ویسٹ انڈیز ماسٹرز کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا میچ بہت زیادہ اسکورنگ رہا اور انڈیا ماسٹرز نے ویسٹ انڈیزکو7 رنز سے شکست دے کر چوتھی کامیابی حاصل کی۔ یہ میچ ایونٹ کا ایک دلچسپ اور زبردست میچ ثابت ہوا۔ انڈیا ماسٹرز نے جیت کے ساتھ اپنا موقف مضبوط کر لیا جبکہ ویسٹ انڈیز کو اچھی کوششوں کے باوجود شکست کا سامنا کرنا پڑا لیکن ہندوستانی بولر راہول شرما کی مہنگی کارکردگی اس میچ کی خاص بات تھی۔ جنہوں نے 3 اوورز میں 75 رنز دیے۔ ہندوستانی اسپنر راہول شرما نے چند روز قبل اس لیگ میں ہیٹ ٹرک لینے کا کارنامہ انجام دیا تھا لیکن ویسٹ انڈیز ماسٹرزکے خلاف کھیلے گئے میچ میں وہ بہت بری حالت میں نظر آئے۔ اس میچ کے دوران انہوں نے ایک اوور میں34 رنز دئے۔ دراصل ویسٹ انڈیز کی اننگز کے دوران 10 واں اوور راہول شرما نے ڈالا تھا اور لینڈل سمنز اسٹرائیک پر تھے۔ اس اوورکی پہلی ہی گیند سے لینڈل سیمنز نے دھماکہ خیز رویہ دکھایا اور ہرگیند کو باؤنڈری کے پارمارا۔ اس اوورکی پہلی ہی گیند پر لینڈل سیمنز نے چھکا لگایا جس کے بعد اگلی ہی گیند پر چوکا لگایا۔ پہلی دوگیندوں پر 10 رنز دینے کے بعد راہول شرما نے اپنی تال پوری طرح کھو دی اور اگلی 4 گیندوں پر 4 چھکے لگائے۔ اس صورتحال میں لینڈل سمنز نے اس اوور میں 5 چھکے اور 1چوکا لگاکر 34 رنز بنائے۔ اس سے پہلے راہول شرما نے اپنے اسپیل کے پہلے اوور میں15 رنز دیے تھے اور پھر دوسرے اوور میں 26 رنز دیے تھے۔ علاوہ ازیں راہول شرما نے 25 کے اکانومی ریٹ پر 3 اووروں میں جملہ75 رنز دیے۔انڈیا ماسٹرز نے اس میچ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 253 رنز بنائے۔ اس دوران سوربھ تیواری نے60 اور امباتی رائیڈو نے 63 رنز بنا کر ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کیا۔ گورکیرت سنگھ نے بھی 46 رنز کی اننگز کھیلی اور پھر یوراج سنگھ نے ناقابل شکست 49 رنز بنا کر ٹیم کو اس بڑے اسکور تک پہنچا یا۔ جواب میں ویسٹ انڈیزکی ٹیم 20 اوورز میں صرف 246 رنز بنا سکی اور انڈیا ماسٹرز نے قریبی میچ جیت لیا۔