راہول کی بھارت جوڑو نیائے یاترا کا منی پورسے آغاز

,

   

عوام کا شاندار ردعمل، اہم قائدین کی شرکت، 6713کلومیٹر طویل یاترا کا 20 مارچ کو ممبئی میں اختتام

امپھال : راہول گاندھی نے منی پور کے تھوبل سے بھارت جوڑو نیائے یاترا شروع کر دی ہے۔ اس سے قبل کھونگ جوم میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ منی پور میں لاکھوں لوگوں کو نقصان پہنچایا گیا لیکن آج تک ملک کے وزیر اعظم عوام کے آنسو پونچھنے منی پور نہیں آئے یہ شرم کی بات ہے۔ راہول گاندھی نے کہا کہ میں 29 جون کو منی پور آیا تھا۔ اس سفر کے دوران میں نے جو کچھ دیکھا اور سنا جو اس سے پہلے نہ کبھی سنا تھا اور نہ دیکھا تھا۔انہوں نے مزید کہا کہ میں 2004 سے سیاست میں ہوں۔ میں پہلی بار ہندوستان کی ایک ایسی ریاست میں گیا جہاں حکومت کا پورا ڈھانچہ تباہ ہو چکا تھا۔ جسے ہم منی پور کہتے ہیں اب وہ منی پور نہیں رہا۔ ہر کونے میں نفرت پھیل گئی۔ لاکھوں لوگوں کو نقصان پہنچا۔ بھائی بہن اور ماں باپ ہماری آنکھوں کے سامنے مارے گئے۔ آج تک ملک کا وزیر اعظم آپ کے آنسو پونچھنے، آپ کو گلے لگانے یا آپ کا ہاتھ پکڑنے منی پور نہیں آیا۔ شاید مودی جی کے لیے، بی جے پی اور آر ایس ایس کیلئے منی پور ہندوستان کا حصہ نہیں ہے۔ منی پور بی جے پی۔آر ایس ایس کی نفرت انگیز سیاست کی علامت بن گیا ہے۔سینئر قائد اشوک گہلوت نے کہا کہ بھارت جوڑو نیائے یاترا ایک تاریخی یاترا ہے۔ راہول گاندھی منی پور سے امن اور محبت کے پیغام کے ساتھ نیائے یاترا کی شکل میں نکلے ہیں جہاں اتنا تشدد ہوا ہے۔ ملک میں مہنگائی، بے روزگاری، امیر اور غریب کا فرق بڑھتا جا رہا ہے اور ان تمام مسائل پر انصاف ہونا چاہیے۔ یہ یاترا 67 دنوں میں 110 اضلاع میں 6700 کلومیٹر سے زیادہ کا فاصلہ طے کرے گی۔کانگریس کے رکن پارلیمنٹ راہول گاندھی آج سے ’’بھارت جوڑو نیائے یاترا‘‘ شروع کی ہے جو یاترا منی پور کے تھوبل ضلع سے شروع ہو کر ممبئی پہنچے گی۔ یاترا دو ماہ تک جاری رہے گی اور اس دوران راہول گاندھی 60 سے 70 مسافروں کے ساتھ پیدل اور بس سے سفر کریں گے۔ کل 6713 کلومیٹر کا فاصلہ طے کرتے ہوئے یہ یاترا 20 مارچ کو ممبئی میں ختم ہوگی۔ اس مدت کے دوران یہ 15 ریاستوں کے 110 اضلاع کا احاطہ کرے گی۔ یاترا کے دوران راہول گاندھی مقامی لوگوں سے ملاقات کریں اور مختلف مقامات پر جلسہ عام سے خطاب بھی کریں گے۔ ’بھارت جوڑو نیائے یاترا‘ کے دوران لوگوں کو بتائیں گے کہ عوام تک انصاف پہنچانے کے لیے کانگریس کے ذہن میں کیا ہے۔کانگریس کے مطابق یہ ایک سیاسی پارٹی کی نظریاتی یاترا ہے جس کو انتخابی یاترا نہیں سمجھا جانا چاہیے۔ پچھلی یاترا (بھارت جوڑو یاترا) میں راہول گاندھی کا پیغام نفرت سے لڑنے کیلئے محبت کا استعمال کرنا تھا، لیکن اس یاترا (بھارت جوڑو نیائے یاترا) کا پیغام ناانصافی کے خلاف لڑنا ہے۔ راہول گاندھی نے کہا کہ ہم آپ کے من کی بات سننا چاہتے ہیں ۔