راہول کی بھارت جوڑو یاترا کا اے پی میں اختتام

,

   

’’ شکریہ آندھراپردیش‘‘۔عوام سے کئے گئے وعدے پورا کرنے کانگریس قائدکا عزم
حیدرآباد: آندھراپردیش میں راہول گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا کا اختتام عمل میں آیا۔ سوشل میڈیا کے اہم پلیٹ فارم ٹوئٹر پر سرگرم راہول گاندھی نے اس یاترا پر بہتر عوامی ردعمل کے اظہار پر تلگو ریاست کے عوام سے اظہار تشکر کیا اور کہا کہ ان کا عوام کے ساتھ محبت کا رشتہ مزید گہرا اورمضبوط ہوگیا ہے۔ کانگریس پارٹی اپنی سخت محنت کے ذریعہ اس محبت کا جواب دے گی۔ ہم آندھراپردیش کے عوام کے ساتھ کئے گئے وعدوں کو پوراکریں گے۔راہول گاندھی نے ساتھ ہی ایک ویڈیو بھی ٹوئٹ کیا جس کو اب تک کئی افراد نے دیکھا اور پسند کیا ہے۔ اس ویڈیو میں راہول گاندھی کی پریس کانفرنس کا بھی ایک منظر دکھایا گیا ہے جس میں وہ یہ کہتے ہوئے نظر آرہے ہیں کہ وہ اس یاترا کو عوام، زمین اور خود کو سمجھنے کے لئے تپسیا کے طور پر دیکھتے ہیں۔انہوں نے ساتھ ہی کہا کہ جب متحدہ آندھراپردیش کی تقسیم عمل میں لائی گئی تھی۔ اس وقت اے پی کے عوام سے بعض وعدے کئے گئے تھے۔ یہ بنیادی وعدے تھے جو مرکزی حکومت نے کئے تھے اور ہم سمجھتے ہیں کہ ان وعدوں کو پورا کیا جانا چاہئے۔ کانگریس کو اے پی میں اونچا اٹھانے کے لئے یہ ایک بہتر شروعات ہے۔ انہوں نے ان کے ساتھ چلنے، ان پر محبت نچھاور کرنے اور ان کی مدد پر اظہار تشکر بھی کیا ہے اور کہا ’’شکریہ آندھراپردیش‘‘۔بھارت جوڑو یاترا 23اکتوبر سے تلنگانہ میں داخل ہورہی ہے۔