پونے: ٹی 20 سیریز میں مسلسل ناکام رہنے والے کے ایل راہول یہاں آج انگلینڈ کے خلاف کھیلے گئے دوسرے ونڈے میں اپنا فام حاصل کرتے ہوئے سنچری اسکور کی جبکہ آخری اوورس میں رشپھ پنت کے علاوہ ہاردک پانڈیا کی برق رفتار بیٹنگ کی بدولت ہندوستان نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 336 رنز اسکور کئے ہیں۔ آج یہاں کھیلے گئے مقابلہ میں ہندوستان کی شروعات ناقص رہی جیسا کہ 9 کے مجموعی اسکور پر پہلے شکھردھون (4) اور اس کے بعد 37 کے مجموعی اسکور پر روہت شرما (25) کا نقصان برداشت کرنا پڑا۔ اس کے بعد ویراٹ کوہلی اور راہول کے درمیان تیسری وکٹ کیلئے 121 رنز کی پارٹنر شپ رہی۔ اس دوران کوہلی نے 79 گیندوں میں 3 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 66 رنز اسکور کئے۔ کوہلی کے آؤٹ ہونے کے بعد وکٹ کیپر بیٹسمین رشپھ پنت نے راہول کے ساتھ رنز کی رفتار کو کافی تیز کردیا جیسا کہ انہوں نے 40 گیندوں میں 3 چوکوں اور 7 چھکوں مدد سے 77 رنز اسکور کئے۔ راہول نے 114 گیندوں میں 7 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 108 رنز کی اننگز کھیلی۔ لوور آرڈر میں ہاردک پانڈیا نے محض 16 گیندوں میں 35 رنز اسکور کئے جس میں 4 چھکے شامل ہیں۔ انگلینڈ کیلئے ریسٹوپلے نے 50 رنز کے عوض اور ٹام کرن نے 83 رنز کے عوض فی کس دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔