راہول کی موجودگی میں کنہیا کمار کانگریس میں شامل

,

   

گجرات ایم ایل اے جگنیش میوانی بھی کانگریس کی حمایت میں سامنے آئے

نئی دہلی : کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا کے سابق لیڈر کنہیا کمار منگل کو کانگریس میں شامل ہوگئے جہاں راہول گاندھی موجود تھے ۔ قومی دارالحکومت میں پارٹی کے ہیڈکوارٹرس میں یہ نامی گرامی شمولیت عمل میں لائی گئی ۔ اس موقع پر گجرات رکن اسمبلی جگنیش میوانی بھی کانگریس نظریہ کی حمایت میں آگے آئے لیکن انہوں نے پارٹی میں باقاعدہ شمولیت سے گریز کیا ۔ پرجوش کانگریس نے کہا کہ کنہیا کمار ملک میں آزادی اظہار خیال کیلئے جدوجہد کی علامت ہے۔کانگریس میں ان کی شمولیت سے پارٹی ورکرس میں جوش و جذبہ پیدا ہوگا ۔ سینئر لیڈر اور پارٹی جنرل سکریٹری کے سی وینو گوپال نے بتایا کہ کنہیا کمار نے پارٹی میں شمولیت کے بعد کہا کہ انہوں نے کانگریس میں اس لئے شمولیت اختیار کی کیونکہ ان کا ٹھوس ایقان ہے کہ اگر ملک کو بچانا ہے تو کانگریس کی بقاء کو یقینی بنانا پڑے گا ۔ کنہیا نے کہا کہ کانگریس پارٹی بڑے جہاز کی مانند ہے ۔ اگر اس کی بقا ہوتی ہے تو تمام دیگر چھوٹی پارٹیوں کا بھی پھلنا پھولنا یقینی ہوجائے گا ۔ کانگریس نے کنہیا کمار کو اپنی صفوں میں شامل کرلینے کے بعد اب یہ امید باندھ لی ہے کہ بہار میں پارٹی کا مظاہرہ بہتر ہوگا جہاں وہ کافی عرصہ سے حاشیہ پر ہیں ۔ جگنیش نے جو گجرات کے آزاد ایم ایل اے ہیں ، کہا کہ وہ کانگریس نظریہ سے وابستہ ہورہے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ وہ بعض تکنیکی مسائل کے سبب پارٹی میں باضابطہ شامل نہیں ہورہے ہیں کیونکہ وہ مقننہ کے آزاد رکن ہیں ۔