امراوتی ، 10 ستمبر (یو این آئی) یوتھ کانگریس نے آج امراوتی میں ’’ووٹ چور گدی چھوڑ‘‘ جیسے نعروں کے ساتھ ایک دستخطی مہم کا آغاز کیا جس کے ذریعہ موجودہ حکومت کی مبینہ طور پر آئین مخالف حکمرانی کے خلاف طلبہ اور نوجوانوں نے اپنی آواز بلند کی۔ اس مہم کا انعقاد ڈاکٹر پنجاب راؤ دیشمکھ لاء کالج میں کیا گیا، جہاں سینکڑوں طلباء اور نوجوانوں نے بڑے جوش و خروش کے ساتھ شرکت کی اور اپنے غصے کا اظہار کرتے ہوئے حکمرانوں کے خلاف سخت موقف اختیار کیا۔ مقررین نے کہا کہ موجودہ حکومت نے عوامی رائے کی توہین کرتے ہوئے اقتدار حاصل کیا ہے اور جمہوری اقدار کو کمزور کیا جارہا ہے ۔ اس دستخطی مہم کو جمہوریت کی اصل طاقت کا مظاہرہ قرار دیا گیا۔ امراوتی ودھان سبھا یوتھ کانگریس کے صدر ویبھو دیشمکھ نے اعلان کیا کہ طلبہ کے جوابی ردعمل کو دیکھتے ہوئے اس مہم کو آئندہ چند دنوں تک شہر کے کالجوں، بازاروں اور عوامی مقامات تک وسعت دی جائے گی۔